برطانیہ کے شہر کوونٹری میں ایک پارک سے کوڑے دان کے اندر سے ایک نامعلوم شخص کی لاش ملنے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے مطابق یہ لاش جمعہ 13 مارچ کو شام تقریباً 5 بجے کیش پارک (Cash’s Park) میں ڈائملر روڈ کے قریب ایک شہری کو ملی۔ پولیس کے مطابق مرنے والے شخص کی عمر بظاہر 40 سے 50 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق لاش کوونٹری سٹی کونسل کے سبز ڈھکن والے وہیلی بن (کوڑے دان) میں موجود تھی۔ پولیس اب مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ یہ کوڑے دان اصل میں کہاں سے لایا گیا تھا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ شخص کسی گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہوا ہو اور بعد میں اس کی لاش کو پارک میں منتقل کیا گیا ہو۔
پولیس نے مقتول کی شناخت کے لیے اس کے جسم پر موجود مخصوص ٹیٹوز کی تفصیلات بھی جاری کی ہیں۔ مقتول کی پیٹھ پر صلیب کے گرد لپٹے سانپ کا ٹیٹو ہے جس کے ساتھ “Little Stardust” لکھا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ دائیں بازو پر “nan” کے الفاظ کے ساتھ آئرش پرچم کے رنگوں اور کلور (پتے) کا ٹیٹو بھی موجود ہے۔
تحقیقات کی سربراہی کرنے والے ڈیٹیکٹو چیف انسپکٹر فل پول نے بتایا کہ ایک بڑی ٹیم واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ شخص کون ہے اور اس کی موت کیسے ہوئی۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی شخص ان ٹیٹوز کی بنیاد پر مقتول کو پہچانتا ہے یا واقعے سے متعلق سی سی ٹی وی یا ڈیش کیم فوٹیج رکھتا ہے تو وہ 101 پر رابطہ کرے اور 13 مارچ کے لاگ نمبر 4148 کا حوالہ دے۔
