جکارتہ: انڈونیشیا کے جزیرے فلوریس میں 7.7 شدت کے طاقتور زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 38 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے۔
زلزلہ مقامی وقت کے مطابق ہفتے کی صبح تقریباً 5 بج کر 58 منٹ پر آیا، جبکہ اس کا مرکز مشرقی نوسا ٹینگارا صوبے میں اینڈی کے قریب سمندر میں تقریباً 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
زلزلے کے بعد 6.1 شدت سمیت دو آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے، جبکہ کئی علاقوں میں عمارتیں، مکانات اور دیگر تنصیبات متاثر ہوئیں۔
مقامی حکام کے مطابق کچھ افراد سوئے ہوئے تھے جب عمارتوں کا ملبہ ان پر آ گرا۔ کئی مقامات پر لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری گھروں اور عمارتوں سے نکل کر محفوظ مقامات کی طرف بھاگ گئے۔
فلوریس کے ساحلی شہر ماؤمِرے میں اسپتالوں کو بھی خالی کرایا گیا، جہاں مریضوں کو بستروں سے نکال کر کھلے مقامات پر منتقل کیا گیا۔
زلزلے کے بعد سونامی کا خدشہ بھی پیدا ہوا۔ بعض ساحلی علاقوں میں سمندر کے پیچھے ہٹنے کی اطلاعات کے بعد شہریوں کو بلند مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔
حکام کے مطابق مختلف علاقوں میں ایک میٹر سے کم بلند سونامی لہریں ریکارڈ کی گئیں، تاہم تقریباً تین گھنٹے بعد سونامی وارننگ ختم کردی گئی۔
زلزلے کے مرکز کے قریب واقع ناگی کیو علاقے میں امدادی ٹیموں کو پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکیں بند ہوگئیں جبکہ مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا۔
تقریباً 2 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ متعدد مکانات، گودام اور سرکاری عمارتیں بھی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
انڈونیشیا میں زلزلوں کا خطرہ زیادہ رہتا ہے کیونکہ یہ ملک بحرالکاہل کے Ring of Fire پر واقع ہے، جہاں متعدد فعال فالٹ لائنز اور آتش فشاں موجود ہیں۔
امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور حکام متاثرہ علاقوں میں مزید نقصانات اور جانی نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں۔
