لندن: ہیکنی وِک کے کاروباری افراد نے لندن اوور گراؤنڈ کی مسلسل تاخیر اور ٹرینوں کی منسوخی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناقص ریل سروس ان کے کاروبار کو شدید متاثر کر رہی ہے۔
ہیکنی وِک اسٹیشن کے قریب کیفے چلانے والی مجدا بیناتی نے صورتحال سے تنگ آکر اپنے کیفے کے باہر مزاحیہ انداز میں سائن بورڈ لگا دیا ہے جس پر لکھا ہے کہ "ٹرین شاید لیٹ ہو، اس لیے کافی پینے اندر آجائیں۔”
مجدا نے بتایا کہ جب ٹرینیں نہیں چل رہیں تو علاقے کی سڑکیں سنسان ہوجاتی ہیں اور کیفے میں گاہکوں کی تعداد نمایاں طور پر کم ہوجاتی ہے۔ ان کے مطابق بعض مقامی رہائشی بھی ٹرین سروس کے مسائل سے پریشان ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے ایک جائزے میں ہیکنی وِک لندن کا تیسرا کم قابلِ اعتماد اسٹیشن قرار پایا تھا، جہاں 5 جنوری سے یکم فروری کے دوران 8.68 فیصد ٹرینیں منسوخ ہوئیں۔
مزید حالیہ ٹرانسپورٹ فار لندن کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال یکم جنوری سے 30 جون کے درمیان Mildmay لائن کی تقریباً 17 فیصد سروسز منسوخ ہوئیں، جبکہ صرف 57 فیصد ٹرینیں وقت پر اسٹیشن پہنچ سکیں۔
علاقے کے دیگر کاروباری مالکان کا بھی کہنا ہے کہ ٹرینوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث گاہکوں کی بکنگ منسوخ ہوتی ہے اور ملازمین کے لیے کام پر پہنچنا بھی مشکل ہوجاتا ہے۔
Natura Pizza کے مالک گیگی البرٹو کے مطابق ٹرین سروس کی خرابی کے باعث انہیں ہزاروں پاؤنڈ کا نقصان ہوچکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملازمین بھی ٹرینوں پر اعتماد نہیں کرسکتے، جبکہ ٹرین سروس متاثر ہونے پر گاہک بھی علاقے میں آنے سے گریز کرتے ہیں۔
ایک اور ریسٹورنٹ مالک مارٹن لوک نے بتایا کہ خاص طور پر ہفتے کے اختتام اور لنچ یا ڈنر کے مصروف اوقات میں ٹرین سروس متاثر ہونے سے کاروبار کو نمایاں نقصان پہنچتا ہے۔
ٹرانسپورٹ فار لندن کا کہنا ہے کہ Mildmay لائن پر رکاوٹیں مختلف وجوہات سے پیدا ہوسکتی ہیں، جن میں انفراسٹرکچر کی خرابی، ریلوے لائن پر غیر مجاز داخلہ اور بیمار مسافر شامل ہیں۔
TfL کا کہنا ہے کہ وہ Network Rail، First Rail London اور دیگر آپریٹرز کے ساتھ مل کر تاخیر اور منسوخی کو کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
