لندن: برطانیہ میں شدید گرمی کے باعث اس ہفتے کے آخر میں جنگلات اور کھلے علاقوں میں آگ لگنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس پر حکومت نے انگلینڈ اور ویلز میں موبائل فون صارفین کو ہنگامی الرٹ جاری کردیا۔
جمعہ کی شام جاری کیے گئے الرٹ میں شہریوں کو خبردار کیا گیا کہ وہ ایسی کوئی چیز نہ جلائیں جس سے آگ بھڑکنے کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہو۔
حکومت کی یہ وارننگ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک کے مختلف علاقوں میں فائر فائٹرز پہلے ہی شدید گرمی کے دوران لگنے والی بڑی آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔
کاؤنٹی ڈرہم اور ڈارلنگٹن فائر اینڈ ریسکیو سروس نے حالیہ ہیٹ ویو کے دوران آگ لگنے کے واقعات میں بہت بڑے اضافے کی اطلاع دی ہے۔
فائر اینڈ ریسکیو سروس کے مطابق بیرونی مقامات پر لگنے والی آگ کے واقعات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث شہریوں کو غیر معمولی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ دنوں کے دوران خشک اور گرم موسم نے فائر فائٹرز کے لیے صورتحال کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔
ہنگامی الرٹ کے بعد بیمش میوزیم نے بھی اس ہفتے کے آخر میں اپنی اسٹیم ٹرین سروس معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گرم اور خشک موسم کے دوران کھلے مقامات پر آگ جلانے، باربی کیو یا ایسی سرگرمیوں سے گریز کریں جن سے خشک گھاس یا جنگلات میں آگ پھیل سکتی ہے۔
