لندن: ہیتھرو ایئرپورٹ کے مرکزی ٹرمینل ایریا میں سیلاب کے باعث ٹرمینلز 2 اور 3 تک سڑک کے ذریعے رسائی بند کردی گئی ہے، جبکہ مسافروں کو سڑک سے سفر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق سیلاب کے باعث مرکزی ٹرمینل ایریا میں سڑکیں بند ہیں اور صورتحال کے باعث مسافروں کو اپنے سفر کے لیے اضافی وقت مختص کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ہیتھرو ایئرپورٹ نے مسافروں سے کہا ہے کہ ممکن ہو تو ٹرمینلز 2 اور 3 تک پہنچنے کے لیے Heathrow Express، Elizabeth Line اور Piccadilly Line کی ریل سروسز استعمال کریں۔
ایسے مسافر جنہیں لازماً گاڑی کے ذریعے سفر کرنا ہو، انہیں Park and Ride سروس استعمال کرنے، ٹرمینل 4 یا 5 جانے اور وہاں سے مفت ریل سروس کے ذریعے متعلقہ ٹرمینل تک پہنچنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹیمیں صورتحال کو جلد از جلد معمول پر لانے کے لیے کام کر رہی ہیں، تاہم سڑکوں کی بندش کے باعث مسافروں کو سفری مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔
یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب برطانیہ میں گرمیوں کی اسکول تعطیلات جاری ہیں اور ہیتھرو ایئرپورٹ پر روزانہ بڑی تعداد میں مسافر سفر کر رہے ہیں۔
انتظامیہ نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ ایئرپورٹ روانگی سے قبل سفری صورتحال کو مدنظر رکھیں اور متبادل ذرائع استعمال کرتے ہوئے اضافی وقت کے ساتھ سفر کریں۔
