ٹوکیو: جاپان میں خاندانی تعطیلات پر موجود 12 سالہ برطانوی بچی کارمیلیٹا لکدیشا پال کے لاپتا ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر تلاش شروع کردی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق بچی 12 اگست کو ٹوکیو میں اس اپارٹمنٹ سے لاپتا ہوئی جہاں وہ اپنے والدین اور بڑے بھائی کے ساتھ مقیم تھی۔ والدین نے اگلی صبح بیدار ہونے پر اسے کمرے میں موجود نہ پایا اور پولیس کو اطلاع دی۔
اہم بات یہ ہے کہ کارمیلیٹا کا موبائل فون اور پاسپورٹ کمرے میں ہی رہ گئے، جبکہ خیال ہے کہ وہ اپنے ساتھ صرف چند ہزار ین لے کر گئی تھی، جن کی مالیت تقریباً 65 پاؤنڈ بنتی ہے۔
پولیس کی جانب سے حاصل کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچی کو نیلے بغیر آستین کے ٹاپ، سیاہ و سفید اسکرٹ، سیاہ جوتوں اور گلابی ہینڈ بیگ کے ساتھ دیکھا گیا۔
تحقیقات کے مطابق وہ ٹوکیو کے کاماتا علاقے میں دکانوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آئی، جس کے بعد اسے کاماتا اسٹیشن سے ٹرین میں سوار ہوتے دیکھا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی نے تقریباً 20 منٹ کا سفر کرکے یوکوہاما اسٹیشن کا رخ کیا، تاہم اس کے بعد اس کی نقل و حرکت کا سراغ نہیں مل سکا۔
شدید بارشوں کے باعث تشویش میں اضافہ
جاپان میں حالیہ دنوں کے دوران شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث صورتحال مزید تشویشناک ہوگئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق شدید بارشوں کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوئے جبکہ بڑی تعداد میں شہری متاثر ہوئے اور مختلف علاقوں میں انخلا کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔
کارمیلیٹا کے پاس محدود رقم ہونے کی وجہ سے اہل خانہ کو خدشہ ہے کہ وہ طویل عرصے تک ہوٹل یا کسی محفوظ مقام پر قیام نہیں کرسکتی۔
برطانوی Foreign, Commonwealth & Development Office نے تصدیق کی ہے کہ وہ جاپان میں لاپتا ہونے والی برطانوی بچی کے خاندان کی مدد کر رہا ہے اور مقامی حکام سے رابطے میں ہے۔
جاپانی پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی شخص نے کارمیلیٹا کو دیکھا ہو یا اس کے بارے میں کوئی معلومات رکھتا ہو تو ٹوکیو میٹروپولیٹن پولیس کے کاماتا اسٹیشن سے رابطہ کرے۔
