اسٹوربرج: ویسٹ مڈلینڈز کے علاقے Stourbridge میں بھڑکنے والی خوفناک جنگلاتی آگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جہاں 19 گھر اور 500 ایکڑ سے زائد زمین آگ کی لپیٹ میں آکر تباہ ہوگئی۔
شدید گرمی اور خشک موسم کے دوران شروع ہونے والی آگ انتہائی تیزی سے پھیلی اور چند ہی منٹوں میں گھروں، کھیتوں اور جنگلات تک پہنچ گئی۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق آگ ایسے پھیل رہی تھی جیسے ہر سمت شعلے ہی شعلے ہوں۔ کئی خاندانوں کو اپنے گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا۔
آگ کے دوران 68 افراد کو موقع پر طبی امداد دی گئی جبکہ 25 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں ایک بچہ اور چھ فائر فائٹرز بھی شامل ہیں۔
واقعے کے وقت درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا، جبکہ خشک گھاس اور جنگلاتی مواد نے آگ کے پھیلاؤ کو مزید تیز کردیا۔
متاثرہ علاقوں میں کئی قیمتی مکانات مکمل طور پر جل گئے جبکہ متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔ مقامی رہائشیوں نے گالف کلب کے اطراف موجود درختوں اور خشک جھاڑیوں کی صفائی اور دیکھ بھال کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے ہیں۔
ایک مقامی رہائشی نے کہا کہ وہاں موجود خشک گھاس، شاخیں اور دیگر آتش گیر مواد صورتحال کو "حادثے کا انتظار کرتی آگ” بنا رہے تھے۔
آگ لگنے کی وجہ ابھی حتمی طور پر سامنے نہیں آئی۔ ایک مقامی کسان نے دعویٰ کیا کہ آگ تین مختلف مقامات پر بھڑکتی دیکھی گئی، جس کے باعث اسے حادثہ قرار دینا مشکل ہوسکتا ہے۔
تاہم ویسٹ مڈلینڈز فائر سروس نے اس مرحلے پر کسی فرد یا گروہ کو ذمہ دار ٹھہرانے سے گریز کیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔
فائر فائٹرز جمعہ کو بھی مختلف مقامات پر سلگتی آگ کو بجھانے میں مصروف رہے۔ حکام کے مطابق زمین کو مکمل طور پر ٹھنڈا کرنے اور دوبارہ آگ بھڑکنے کا خطرہ ختم کرنے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔
