برمنگھم: برمنگھم کے ایک شیشہ بار میں شدید جھگڑے کے بعد سات افراد کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ واقعے میں ایک شخص کو ممکنہ طور پر سنگین چوٹیں آئیں اور ایک دوسرے شخص کو مبینہ طور پر لوٹ لیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ Fila Lounge، New Summer Street میں جمعرات 6 اگست کو رات تقریباً ساڑھے 10 بجے پیش آیا۔ پولیس نے واقعے کو سنگین بدامنی قرار دیا ہے۔
جھگڑے کے دوران کم از کم ایک شخص کو GBH یعنی شدید جسمانی نقصان پہنچانے کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ پولیس نے ایک روبری کی بھی تصدیق کی ہے۔
ویسٹ مڈلینڈز ایمبولینس سروس کے مطابق ایک زخمی شخص کو موقع پر طبی امداد دینے کے بعد ممکنہ طور پر سنگین چوٹوں کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ایک دوسرے شخص کو بھی طبی معائنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔
گرفتار کیے گئے سات افراد کی عمریں 28 سے 36 سال کے درمیان ہیں۔ ان میں تین کو GBH کے شبہ میں، تین کو affray اور ایک کو violent disorder کے شبہ میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق تمام افراد کو شرائط کے ساتھ نومبر تک ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔
بار کا لائسنس 28 دن کے لیے معطل
واقعے کے بعد ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے بار کے لائسنس کا فوری جائزہ لینے کی درخواست کی۔ معاملہ 10 اگست کو برمنگھم سٹی کونسل کی لائسنسنگ کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا۔
سماعت کے دوران پولیس نے واقعے سے متعلق باڈی کیم فوٹیج بھی کمیٹی کے سامنے پیش کی۔
کمیٹی نے فیصلہ کرتے ہوئے Fila Lounge کا لائسنس 28 دن کے لیے معطل کردیا، جبکہ مائیکل ٹیکل کو بار کے designated premises supervisor کے عہدے سے بھی ہٹا دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے کسی شخص کو ایسی چوٹ نہیں آئی جو زندگی بھر کے لیے معذوری کا باعث بنے۔
حکام نے واقعے سے متعلق معلومات یا ویڈیو رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ 101 پر رابطہ کریں اور کرائم ریفرنس 20/352971/26 کا حوالہ دیں۔
