لندن: ہیلتھرو ایئرپورٹ کے مرکزی ٹرمینل ایریا میں سیلاب کے باعث ٹرمینلز 2 اور 3 تک سڑکوں کی رسائی بند کردی گئی ہے، جبکہ مسافروں کو سڑک کے ذریعے سفر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ہفتہ 15 اگست کو ٹرمینلز 2 اور 3 سے آنے یا جانے والے مسافروں کو اضافی وقت مختص کرنے اور جہاں ممکن ہو ریلوے سروسز استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ہیلتھرو نے مسافروں کے لیے Heathrow Express، Elizabeth Line اور Piccadilly Line استعمال کرنے کی سفارش کی ہے۔
جو مسافر لازمی طور پر گاڑی کے ذریعے سفر کرنا چاہتے ہیں، انہیں پارک اینڈ رائیڈ سہولت استعمال کرنے، ٹرمینل 4 یا 5 تک پہنچنے اور وہاں سے مفت ریل سروس کے ذریعے ٹرمینلز 2 اور 3 جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتحال معمول پر لانے کے لیے ٹیمیں کام کر رہی ہیں تاہم سڑکیں دوبارہ کھولنے کے حوالے سے فی الحال کوئی حتمی وقت نہیں بتایا گیا۔
ہیلتھرو نے خصوصی ضروریات رکھنے والے مسافروں کو بھی متبادل انتظامات کی ہدایت کی ہے۔ ٹرمینل 3 تک گاڑی سے رسائی نہ ہونے کی صورت میں مسافر ٹرمینل 4 یا 5 پر گاڑی پارک کرکے وہاں سے ریل کے ذریعے ٹرمینل 3 منتقل ہوسکتے ہیں۔
مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سفر شروع کرنے سے پہلے تازہ ترین ایئرپورٹ اپ ڈیٹس چیک کریں، اضافی وقت رکھیں اور ممکنہ تاخیر کے لیے تیار رہیں۔
