(تکبیر نیوز—- برطانیہ، لندن) برطانیہ میں کنگز اسپیچ کے ذریعے حکومت نے آئندہ برسوں کیلئے اپنی نئی قانون سازی اور بڑے منصوبوں کا اعلان کر دیا ہے جسے حالیہ برسوں کا سب سے بڑا سیاسی و سماجی ایجنڈا قرار دیا جا رہا ہے۔
برطانوی بادشاہ نے اپنے خطاب کے آغاز میں کہا کہ “دنیا تیزی سے زیادہ خطرناک اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو رہی ہے” اور حکومت ملک کو مضبوط، محفوظ اور سب کیلئے منصفانہ بنانے کیلئے اقدامات کرے گی۔
کنگز اسپیچ میں حکومت نے صحت، امیگریشن، سکیورٹی، معیشت، ٹیکنالوجی اور سماجی اصلاحات سمیت متعدد بڑے شعبوں میں تبدیلیوں کا اعلان کیا۔
اعلان کردہ اہم منصوبوں میں این ایچ ایس اصلاحات، سخت امیگریشن قوانین، ووٹ ڈالنے کی عمر 16 سال کرنا، پولیس اور قومی سلامتی کے اختیارات میں اضافہ، نئے سائبر سکیورٹی قوانین، ہاؤسنگ اور لوکل کونسل اصلاحات شامل ہیں۔
اس کے علاوہ توانائی اور معاشی ترقی کے منصوبے، سگریٹ اور ویپ پر نئی پابندیاں، مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی سے متعلق قانون سازی، عدالتوں اور جیلوں کے نظام میں اصلاحات بھی حکومتی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ قانون سازی برطانیہ میں ایک نئی سیاسی اور سماجی تبدیلی کی شروعات سمجھی جا رہی ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ حکومت کا یہ ایجنڈا آئندہ انتخابات اور برطانیہ کے مستقبل کے سیاسی رخ پر گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے۔
