(تکبیر نیوز—- پاکستان، لاہور) لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے ایک افسر کو مبینہ طور پر پروٹوکول کی آڑ میں شراب کی بوتلیں نکلواتے ہوئے پکڑ لیا گیا۔
کسٹمز حکام کے مطابق کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں شراب کی بوتلیں قبضے میں لے لی گئیں جبکہ متعلقہ افسر کا انٹری پاس منسوخ کر کے اسے معطل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دو روز قبل ابو ظہبی سے آنے والی اتحاد ایئر لائن کی پرواز کے ایک مسافر کے سامان سے تقریباً 65 اعلیٰ کوالٹی کی شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔
رپورٹس کے مطابق پی آئی اے کے افسر صفدر گوندل اپنے ساتھی کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور مبینہ طور پر مسافر کو پروٹوکول کی آڑ میں کلیئر کرانے کی کوشش کی۔
تاہم کسٹمز افسر نے سامان کلیئر کرنے سے انکار کرتے ہوئے بوتلیں ضبط کر لیں۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران مسافر موقع سے فرار ہو گیا جبکہ متعلقہ افسر اور اس کے ساتھی بھی ایئرپورٹ سے چلے گئے۔
بعد ازاں کسٹمز حکام نے معاملے سے پی آئی اے اسٹیشن منیجر کو آگاہ کیا جس کے بعد اندرونی تحقیقات اور محکمانہ کارروائی شروع کی گئی۔
ایئرپورٹ سکیورٹی فورس نے بھی کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ افراد کے انٹری پاس منسوخ کرنے اور انہیں ایئرپورٹ ڈیوٹی سے ہٹانے کی سفارش کی ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان کے مطابق متعلقہ افسر کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ قانون کے مطابق مزید کارروائی جاری ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر تحقیقات میں ملوث ہونے کی تصدیق ہوئی تو فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
