(تکبیر نیوز—- برطانیہ، برمنگھم) برمنگھم کے علاقے ایجبسٹن سے رکن پارلیمنٹ پریت کور گل کو برطانوی حکومت میں نئی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق پریت کور گل کو محکمہ صحت و سماجی نگہداشت میں پارلیمانی انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ مقرر کیا گیا ہے جہاں وہ حکومتی وزیر کی معاونت کریں گی۔
پریت کور گل 2017 سے برمنگھم ایجبسٹن کی نمائندگی کر رہی ہیں اور انہیں حکومت میں نئی تقرری ایسے وقت میں دی گئی ہے جب لیبر پارٹی اندرونی سیاسی بحران کا شکار ہے۔
حالیہ دنوں میں متعدد وزراء کے استعفوں کے بعد وزیر اعظم کیئر اسٹارمر پر دباؤ میں اضافہ ہوا ہے جبکہ پارٹی کے اندر اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کم از کم چار وزراء نے استعفیٰ دیا جن میں برمنگھم یارڈلے سے رکن پارلیمنٹ جیس فلپس بھی شامل ہیں جنہوں نے سیف گارڈنگ وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دیا۔
دوسری جانب 80 سے زائد لیبر ارکان پارلیمنٹ نے کیئر اسٹارمر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جبکہ 100 سے زائد ارکان نے ان کی حمایت بھی کی ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق پریت کور گل کی تقرری کو لیبر پارٹی کے اندر نئی صف بندیوں اور سیاسی توازن قائم رکھنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
