(تکبیر نیوز—- پاکستان، اسلام آباد) بیرونِ ملک میڈیکل اور ڈینٹل تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کیلئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل میں رجسٹریشن لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
میڈیکل و ڈینٹل کالجز اور پوسٹ گریجویٹ اہلیتوں کی ایکریڈیٹیشن سے متعلق ذیلی کمیٹی کے اہم اجلاس میں اس حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
کمیٹی کے مطابق بیرونِ ملک میڈیکل یا ڈینٹل تعلیم حاصل کرنے والے تمام طلبہ کیلئے ایم ڈی کیٹ امتحان میں کامیابی حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
فیصلے کے تحت طلبہ کو بیرونِ ملک روانگی سے قبل پی ایم اینڈ ڈی سی سے باقاعدہ رجسٹریشن بھی کروانا ہوگی۔
کمیٹی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ طلبہ داخلہ لینے سے پہلے یہ تصدیق کریں کہ متعلقہ غیر ملکی میڈیکل ادارہ پی ایم اینڈ ڈی سی کی منظور شدہ فہرست میں شامل ہے یا نہیں۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد پاکستانی طلبہ کو غیر معیاری اور غیر منظور شدہ غیر ملکی تعلیمی اداروں سے بچانا ہے تاکہ مستقبل میں ڈگریوں کی تصدیق اور پیشہ ورانہ رجسٹریشن کے مسائل پیدا نہ ہوں۔
تعلیمی ماہرین کے مطابق نئے فیصلے سے بیرونِ ملک میڈیکل تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کیلئے قواعد مزید سخت ہو جائیں گے تاہم اس سے میڈیکل تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
