(تکبیر نیوز—- خیبر پختون خوا، لکی مروت) خیبر پختون خوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ بازار میں ہونے والے دھماکے میں 2 ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید جبکہ 18 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے بعد جاں بحق افراد کی لاشیں نورنگ اسپتال منتقل کی گئیں جبکہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
انتظامیہ نے صورتحال کے پیش نظر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکا تھانہ نورنگ کے قریب پولیس موبائل کے نزدیک ہوا جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
Nazir Khan ڈی پی او نذیر خان نے بتایا کہ دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی میں ایک من سے زائد بارودی مواد رکھا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اب معصوم شہریوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ یہ خودکش حملہ تھا یا ریموٹ کنٹرول دھماکا، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب Sohail Afridi وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی نے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے میں 2 ٹریفک اہلکار اور 5 شہری شہید ہوئے جبکہ صوبائی حکومت زخمیوں اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
ادھر Mohsin Naqvi وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کا خاتمہ کرنے کیلئے پوری قوم متحد ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
