(تکبیر نیوز—- برطانیہ، شروپشائر) برطانیہ کے علاقے شروپشائر میں تقریباً 450 بھیڑیں لے جانے والی ایک لاری حادثے کا شکار ہو کر الٹ گئی جس کے بعد بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔
حادثہ اے 489 روڈ پر پیش آیا جہاں لاری اچانک بے قابو ہو کر سڑک کنارے الٹ گئی اور ڈرائیور گاڑی کے اندر پھنس گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق فائر بریگیڈ، ایمبولینس سروس، پولیس، ویٹرنری ٹیموں اور مقامی کسانوں نے مشترکہ کارروائی میں حصہ لیا۔
فائر فائٹرز نے لاری کے کیبن میں پھنسے ڈرائیور کو نکال کر طبی عملے کے حوالے کیا جبکہ بعد ازاں احتیاطی طبی معائنے کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق متعدد بھیڑوں کو کامیابی سے بچا لیا گیا تاہم بڑی تعداد میں جانور ہلاک بھی ہوئے۔
شروپشائر فائر اینڈ ریسکیو سروس کی خصوصی ٹیموں نے مقامی ویٹرنری ماہرین اور کسانوں کی مدد سے بھیڑوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کیلئے کئی گھنٹے آپریشن جاری رکھا۔
پولیس حکام نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے تمام اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور ٹیم ورک کو سراہا۔
