(تکبیر نیوز—- برطانیہ، برمنگھم) برمنگھم میں دو افراد پر چاقو حملے کے واقعے کے بعد ایک معروف وینیو کا لائسنس عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔
برمنگھم سٹی کونسل کی لائسنسنگ سب کمیٹی نے ویسٹ مڈلینڈز پولیس کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے وینیو کا لائسنس 28 روز تک کیلئے معطل کیا۔
واقعہ لوئر ٹرنٹی اسٹریٹ پر واقع لونا اسپرنگز نامی مقام پر پیش آیا جہاں ہفتے کے روز ایک ڈے ریو ایونٹ جاری تھا۔
پولیس کے مطابق دو افراد کو چاقو مارا گیا جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے سلسلے میں 40 سالہ ایک شخص کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ لائسنس کی معطلی عارضی اور مشروط ہے، اگر سیکیورٹی اور حفاظتی اقدامات مطلوبہ معیار کے مطابق مکمل کر لیے گئے تو وینیو کو جلد دوبارہ کھولنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
پولیس اور مقامی حکام کے مطابق وہ کاروباری انتظامیہ کے ساتھ مل کر ضروری حفاظتی تبدیلیوں پر کام کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہی وینیو آئندہ ہفتے آسٹن ولا کے یوروپا لیگ فائنل کی بڑی اسکریننگ کیلئے بھی استعمال ہونا تھا۔
