(تکبیر نیوز—- دنیا) شاپنگ مالز، ائیرپورٹس، ریلوے اسٹیشنز اور بڑی عمارتوں میں نصب ایسکیلیٹرز پر سفر تو تقریباً ہر شخص نے کیا ہوگا، مگر بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ایسکیلیٹر کی سیڑھیوں پر بنی مخصوص لائنز آخر کیوں ہوتی ہیں۔
دنیا بھر میں استعمال ہونے والے ایسکیلیٹرز کی سیڑھیوں پر یہ ابھری ہوئی لائنز صرف ڈیزائن کا حصہ نہیں بلکہ ان کے پیچھے اہم حفاظتی اور تکنیکی وجوہات موجود ہیں۔
ماہرین کے مطابق بارش، سردی یا نمی والے موسم میں ایسکیلیٹر کی سیڑھیاں پھسلن زدہ ہو سکتی ہیں۔ اگر سیڑھیاں مکمل ہموار ہوں تو لوگوں کے پھسل کر گرنے کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔
اسی خطرے کو کم کرنے کیلئے سیڑھیوں پر مخصوص لائنز یا grooves بنائی جاتی ہیں تاکہ جوتوں کی گرفت مضبوط رہے اور مسافروں کا توازن برقرار رہے۔
ماہرین یہ بھی بتاتے ہیں کہ ایسکیلیٹر پر سفر کے دوران اکثر چھوٹا موٹا کچرا، جیسے ریپرز یا گرد و غبار، سیڑھیوں پر گر جاتا ہے۔ اگر سیڑھیاں ہموار ہوں تو یہ کچرا مشین کے اندر جا کر خرابی پیدا کر سکتا ہے۔
سیڑھیوں پر موجود لائنز اس کچرے کو ایک حد تک روکنے اور مشینری کو محفوظ رکھنے میں بھی مدد دیتی ہیں، جس سے ایسکیلیٹر کی کارکردگی اور عمر بہتر رہتی ہے۔
اسی لیے ایسکیلیٹر کی یہ لائنز صرف ظاہری خوبصورتی نہیں بلکہ مسافروں کی حفاظت اور مشین کی کارکردگی کیلئے انتہائی اہم سمجھی جاتی ہیں۔
