تکبیر نیوز (کیمبرج شائر): کیمبرج شائر کے ایک چڑیا گھر میں مگرمچھوں کے انکلوژر میں شدید زخمی ہونے والا 3 سالہ بچہ اسپتال سے ڈسچارج ہوکر گھر پہنچ گیا ہے۔ والدین کے مطابق بچہ گھر واپس آکر خوش ہے، اپنے کھلونوں سے کھیل رہا ہے، اپنے بستر پر سو رہا ہے اور بڑے بھائی کا کردار بھی نبھا رہا ہے۔
ہنٹنگڈن کے قریب جانسنز آف اولڈ ہرٹ میں 18 جون کو یہ واقعہ پیش آیا تھا۔ چڑیا گھر کی انتظامیہ کے مطابق اسے اطلاع ملی تھی کہ ایک بچے کو مبینہ طور پر مگرمچھوں کے انکلوژر میں پھینک دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد نورفوک سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ شخص کو قتل کی کوشش کے شبہ میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم پولیس نے بعد میں اسے ضمانت پر رہا کردیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو پوچھ گچھ کے لیے موزوں نہیں سمجھا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق مشتبہ شخص کو سیکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے اور وہ کیئررز کے ہمراہ دورے پر آیا تھا۔ اس کے نگہداشت کے انتظامات سے متعلق بھی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
بچے کے والدین نے GoFundMe پر تازہ اپ ڈیٹ میں بتایا کہ ان کا بیٹا چند ہفتے قبل گھر واپس آگیا تھا۔ والدین کے مطابق بچے کی فوری سرجریز فی الحال مکمل ہوچکی ہیں اور اب توجہ گھر پر اس کی بحالی اور صحتیابی پر مرکوز ہے۔
والدین نے کہا کہ وہ اسپتال کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور بچے کی بحالی کے اگلے مراحل پر خاندان کے طور پر مل کر کام کر رہے ہیں۔
بچے کے علاج اور خاندان کی مالی مدد کے لیے شروع کی گئی فنڈ ریزنگ مہم میں اب تک ایک لاکھ 13 ہزار پاؤنڈ سے زائد رقم جمع ہوچکی ہے۔
والدین کے مطابق عطیات سے علاج کے دوران گھریلو اخراجات، بلز، مارگیج اور کام سے ہونے والے مالی نقصان کو پورا کرنے میں مدد ملی۔ خاندان نے ایڈن بروکس اسپتال کے بچوں کے انتہائی نگہداشت یونٹ اور بچوں کی وارڈ کی پلے ٹیم کے لیے نئے کھلونے بھی عطیہ کیے ہیں۔
والدین نے بتایا کہ بچے کو پلے ٹیم بہت پسند تھی، جس نے اس کے لیے مختلف کھیل ایجاد کیے اور اسے کھیل کے دوران اپنے پیروں کو استعمال کرنے کے نئے طریقے سکھائے۔
خاندان نے Sick Children’s Trust اور Addenbrooke’s Charitable Trust کی بھی مدد کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے، جبکہ والدین نے علاج میں شامل تمام عملے اور مشکل وقت میں تعاون کرنے والے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔
والدین نے کہا کہ اپنے بیٹے کے بہترین مفاد میں وہ اس کی شناخت ظاہر کرنے والی کوئی تفصیل جاری نہیں کریں گے۔
اس سے قبل خاندان نے بتایا تھا کہ بچے کے سات آپریشنز ہوچکے ہیں۔ اب اس کی بحالی کا مرحلہ گھر پر جاری ہے۔
