تکبیر نیوز (لیورپول): رائل لیورپول اسپتال کی ایک عمارت میں کیمیکل لیک ہونے کے بعد ایمرجنسی سروسز نے کارروائی کرتے ہوئے عمارت کو احتیاطی طور پر خالی کرا لیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
ایمرجنسی سروسز کو ماؤنٹ ورنن اسٹریٹ پر واقع رائل لیورپول اسپتال کی کلینیکل سائنس اینڈ سپورٹ بلڈنگ میں شام 7 بجے کے کچھ دیر بعد ممکنہ خطرے کی اطلاع ملی۔
اطلاع ملنے پر مرسی سائیڈ فائر اینڈ ریسکیو سروس کی تین فائر انجنز موقع پر پہنچ گئیں۔
واقعے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، تاہم اسپتال کی عمارت کو احتیاطی طور پر خالی کرا لیا گیا۔ فائر فائٹرز نے اسپتال کے عملے اور دیگر ایمرجنسی اداروں کے ساتھ مل کر علاقے کو محفوظ بنایا۔
رات 10 بج کر 20 منٹ پر فائر سروس نے تصدیق کی کہ واقعہ کیمیکل لیک کا تھا۔ خصوصی ٹیموں نے متاثرہ کنٹینرز کو سیل کرنے اور متعلقہ حصے میں ہوا کی نکاسی کا کام کیا۔
بعد ازاں رات 11 بج کر 26 منٹ پر فضائی معائنے کے دوران تصدیق ہوگئی کہ عمارت میں ہوا دوبارہ محفوظ سطح پر آچکی ہے۔
فائر اینڈ ریسکیو عملہ کچھ دیر مزید موقع پر موجود رہا اور عمارت کی تمام منزلوں کا معائنہ کرکے اس بات کو یقینی بنایا کہ عمارت مکمل طور پر محفوظ ہے۔
فائر سروس کے اہلکار نصف شب کے کچھ دیر بعد جائے وقوعہ سے روانہ ہوگئے۔
کیمیکل لیک ہونے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
