تکبیر نیوز (لیڈز): لیڈز میں خطرناک ڈرائیونگ کے باعث ماں اور اس کی 4 سالہ بیٹی کی ہلاکت کے مقدمے میں زیرِ سماعت شخص نے عدالت میں کہا ہے کہ حادثے پر اسے شدید دکھ اور افسوس ہے، تاہم وہ ہلاکتوں کی ذمہ داری قبول نہیں کرتا۔
جسکمل ریات پر الزام ہے کہ اس نے خطرناک ڈرائیونگ کے ذریعے 16 جنوری 2023 کو شیپسکار کے علاقے اسکاٹ ہال روڈ پر ہونے والے حادثے میں جسٹینا ہلبوج اور ان کی 4 سالہ بیٹی لینا چپچو کی ہلاکت میں کردار ادا کیا۔
ماں اور بیٹی اسکول جا رہی تھیں جب دو گاڑیاں، ایک آڈی ٹی ٹی اور ایک بی ایم ڈبلیو، حادثے کا شکار ہوئیں۔
آڈی ٹی ٹی چلانے والے ہردیپ بھاچو نے جون 2024 میں دونوں ہلاکتوں سے متعلق خطرناک ڈرائیونگ کے الزامات کا اعتراف کرلیا تھا۔ استغاثہ کے مطابق آڈی فٹ پاتھ پر چڑھ گئی تھی اور اسی دوران ماں اور بیٹی کو ٹکر ماری۔
دوسری گاڑی بی ایم ڈبلیو جسکمل ریات چلا رہا تھا، جو اب مقدمے کا سامنا کر رہا ہے۔
عدالت میں پولیس انٹرویو کی ریکارڈنگ کا متن پیش کیا گیا، جس میں ریات نے بار بار اس بات سے انکار کیا کہ حادثے سے پہلے دونوں ڈرائیور خطرناک انداز میں ایک دوسرے سے ریس لگا رہے تھے۔
جب اس سے پوچھا گیا کہ کیا وہ بھاچو کی ڈرائیونگ کی ویڈیو بنا کر اسے مزید تیز یا خطرناک ڈرائیونگ پر اکسا رہا تھا تو ریات نے کہا کہ بھاچو "دکھاوا کر رہا تھا اور بیوقوفوں جیسی حرکتیں کر رہا تھا” اور اسے خدشہ تھا کہ کچھ ہونے والا ہے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ بھاچو کی آڈی بے قابو ہوکر جسٹینا اور لینا سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں دونوں کو شدید اور جان لیوا چوٹیں آئیں۔
ریات نے حادثے کے بعد تباہ شدہ گاڑیوں کی تصویر بھی بنائی اور پھر کام پر چلا گیا۔ اس وقت اسے علم نہیں تھا کہ ماں اور بیٹی ہلاک ہوچکی ہیں۔
پولیس افسر نے جب اسے بتایا کہ "وہ ایک چھوٹی بچی تھی جو اسکول جا رہی تھی، اور اب وہ بھی مر چکی ہے اور اس کی ماں بھی” تو ریات نے جواب دیا کہ اسے متلی محسوس ہو رہی ہے، وہ شدید افسوس میں ہے اور مدد کرنا چاہتا ہے۔
جب تفتیشی افسر نے پوچھا کہ کیا وہ واقعی سمجھتا ہے کہ ان دونوں کی ہلاکتوں سے اس کا کوئی تعلق نہیں، تو ریات نے جواب دیا: "جی ہاں، واقعی۔”
استغاثہ کا مؤقف ہے کہ دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور جسٹینا اور لینا کی ہلاکت کے ذمہ دار ہیں۔
جسکمل ریات کو مقدمے کے دوران آئندہ سماعت میں اپنا بیان ریکارڈ کرانا ہے۔ کیس کی سماعت جاری ہے۔
