تکبیر نیوز (نیومارکیٹ): برطانیہ میں انسٹنٹ نوڈلز نہ ہونے پر اپنی علیحدہ رہنے والی اہلیہ پر حملہ کرنے والے 46 سالہ شخص ٹام براؤن کو عدالت نے چار سال آٹھ ماہ قید کی سزا سنا دی۔
ٹام براؤن اپنی اہلیہ سے علیحدہ ہوچکا تھا، تاہم وہ ابھی بھی وڈڈٹن، نیومارکیٹ کے قریب واقع اہلیہ کے گھر سے منتقل نہیں ہوا تھا۔ 4 جنوری کو دونوں کے درمیان کسی بات پر بحث ہوئی، جس کے بعد براؤن گھر سے چلا گیا۔
تقریباً 30 منٹ بعد واپس آنے پر براؤن گھر میں انسٹنٹ نوڈلز نہ ہونے پر اہلیہ سے دوبارہ الجھ پڑا اور اسے زمین پر گرا دیا۔
پولیس کے مطابق براؤن نے اپنا وزن خاتون پر ڈال دیا، جس کے باعث اسے سانس لینے میں دشواری پیش آئی۔ خاتون کسی طرح خود کو چھڑا کر پڑوسی کے گھر پہنچ گئی، تاہم براؤن وہاں بھی اس کے پیچھے پہنچ گیا، جس کے بعد پولیس کو طلب کیا گیا۔
کیمبرج شائر پولیس کے مطابق براؤن کو پولیس وین سے باہر نکالتے وقت اس نے ایک پولیس اہلکار کے سر پر لات مارنے کی بھی کوشش کی۔
براؤن، جس کا کوئی مستقل پتہ نہیں، نے جسمانی نقصان پہنچانے کے دو الزامات اور ایمرجنسی ورکر پر حملے کے ایک الزام کا اعتراف کیا۔
کیمبرج کراؤن کورٹ نے اسے مجموعی طور پر چار سال آٹھ ماہ قید کی سزا سنائی جبکہ متاثرہ خاتون کے تحفظ کے لیے اس کے خلاف 15 سالہ پابندی کا حکم (Restraining Order) بھی جاری کردیا گیا۔
ڈیٹیکٹو کانسٹیبل جیک سلنس نے کہا کہ براؤن کا اپنی اہلیہ پر حملہ انتہائی قابلِ مذمت تھا اور پولیس کی مداخلت کے دوران بھی اس کا رویہ انتہائی جارحانہ رہا۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاتون کے تعاون کے بغیر یہ سزا یقینی بنانا ممکن نہیں تھا۔
پولیس افسر کے مطابق جج نے بھی اس بات کو نوٹ کیا کہ براؤن نے بہت کم پشیمانی کا اظہار کیا اور پورے مقدمے کے دوران متاثرہ خاتون کو ہی موردِ الزام ٹھہراتا رہا۔
