تکبیر نیوز (مڈلزبرا): مڈلزبرا کے علاقے ساؤتھ بینک میں اے 66 کے المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے دو پولیس افسران کی یاد میں دعائیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں لوگوں نے خاموشی اختیار کرتے ہوئے دونوں اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
38 سالہ پی سی ٹام کلاف اور 37 سالہ پی سی میتھیو بلیڈز اس وقت جاں بحق ہوئے جب پولیس کی جانب سے تعاقب کی جانے والی ووکس ویگن پاسات مخالف سمت سے آکر ان کی مسلح رسپانس گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثہ ہفتے کی صبح ٹی سائیڈ میں پیش آیا، جس میں مجموعی طور پر سات افراد جان کی بازی ہار گئے۔
دعائیہ تقریب سینٹ جان دی ایونجیلسٹ چرچ، ساؤتھ بینک میں منعقد ہوئی۔
علاقے کی رکن پارلیمنٹ اینا ٹرلی نے دونوں افسران کے اہلخانہ سے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابلِ تصور دکھ ہے کہ والدین اور شوہر ڈیوٹی پر جائیں اور واپس گھر نہ آئیں۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کی بہادری اور عوام کے تحفظ کے لیے ان کی خدمات کو بھی سراہا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے دیگر پانچ افراد کی شناخت کول رابرٹ ورتھی، 17 سال، تھیو رے، 17 سال، مکائی سیڈنگٹن، 18 سال، مائیکل رابرٹ کیہل، 23 سال، اور جیکب ماتوسیاک، 23 سال کے طور پر ہوئی ہے۔
کلیولینڈ پولیس کے مطابق چار افراد کا ماضی میں مختلف جرائم کا ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے۔
پی سی ٹام کلاف کے اہلخانہ نے انہیں "ہمارا ہیرو اور شاندار حسِ مزاح رکھنے والا انسان” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ضرورت پڑنے پر ہر شخص کی مدد کے لیے فوراً آگے بڑھتے تھے۔
پی سی میتھیو بلیڈز کی اہلیہ نے کہا کہ شوہر اور دو بچوں کے والد کو کھونے کا درد الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ ان کے مطابق میتھیو کی سب سے بڑی میراث وہ محبت ہے جو انہوں نے اپنے خاندان کو دی۔
دونوں پولیس افسران کے اہلخانہ کی مدد کے لیے شروع کی گئی فنڈ ریزنگ مہم میں پیر کی دوپہر تک 4 لاکھ پاؤنڈ سے زائد رقم جمع ہوچکی تھی۔
