تکبیر نیوز — ڈربی:
برطانیہ میں نوٹنگھم کے 26 سالہ آئزک کلیئر واٹس (Isaac Clare-Watts) کے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم کے خلاف ٹرائل کی عبوری تاریخ مقرر کر دی گئی ہے۔
سزیمون بابینکو (Szymon Babynko) نے بدھ کے روز ڈربی کراؤن کورٹ میں ویڈیو لنک کے ذریعے مختصر پیشی کے دوران صرف اپنی شناخت کی تصدیق کی۔ 23 سالہ ملزم لندن کے علاقے ایبی ووڈ کا رہائشی ہے۔
عدالت نے مقدمے کی سماعت کے لیے 23 نومبر 2026 کی عبوری تاریخ مقرر کی، تاہم استغاثہ نے بتایا کہ تحقیقات مکمل ہونے میں مزید وقت لگ سکتا ہے، جس کے باعث 8 مارچ 2027 کی متبادل تاریخ بھی زیر غور رکھی گئی ہے۔
ملزم پر الزام ہے کہ اس نے 22 جون کو پیک ڈسٹرکٹ کے نائن لیڈیز اسٹون سرکل میں ہونے والی سمر سولسٹائس تقریب کے دوران 26 سالہ آئزک کلیئر واٹس کو قتل کیا۔
اس کے علاوہ ملزم کو 25 جون کو چیسٹرفیلڈ میں پیش آنے والے ایک واقعے میں اقدامِ قتل اور خطرناک ہتھیار رکھنے کے الزامات کا بھی سامنا ہے۔
مختصر سماعت کے دوران الزامات باضابطہ طور پر ملزم پر عائد نہیں کیے گئے۔ عدالت نے اسے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، جبکہ آئندہ پیشی 25 ستمبر کو ہوگی، جہاں وہ الزامات پر اپنا مؤقف پیش کرے گا۔
پولیس کے مطابق مقتول آئزک کلیئر واٹس نوٹنگھم کی تعمیراتی کمپنی فرینک گولڈنگ لمیٹڈ میں جوائنر کے طور پر کام کرتے تھے۔ گزشتہ سال وہ دنیا کی سیر اور تھائی لینڈ میں موئے تھائی کی تربیت حاصل کرنے کے لیے ملازمت چھوڑ کر بیرون ملک گئے تھے اور حال ہی میں برطانیہ واپس آئے تھے۔
تفتیشی افسر ڈیٹیکٹو انسپکٹر ٹونی اوون نے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ سمر سولسٹائس تقریب میں شریک تمام افراد پولیس سے رابطہ کریں، خصوصاً وہ لوگ جن کے پاس اس تقریب کی ویڈیو فوٹیج موجود ہے، کیونکہ یہ شواہد تحقیقات میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
