تکبیر نیوز — فلوریڈا:
امریکا کی ریاست فلوریڈا میں ایک افسوسناک واقعے میں 31 سالہ خاتون دریا میں مگرمچھ کے حملے کا نشانہ بن کر جان کی بازی ہار گئیں۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے ساتھی اور دوست کے ہمراہ ہائیکنگ کے دوران دریا میں گرمی سے بچنے کے لیے پانی میں اتری تھیں۔
حکام کے مطابق واقعہ اتوار کی دوپہر اورلینڈو کے قریب ایکن لاک ہچی (Econlockhatchee) دریا میں پیش آیا، جہاں تینوں افراد کم گہرے پانی میں موجود تھے کہ اچانک ایک بڑے مگرمچھ نے خاتون پر حملہ کر دیا۔
فلوریڈا فش اینڈ وائلڈ لائف کنزرویشن کمیشن کے حکام کے مطابق خاتون کے ساتھی نے انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی اور فوری طور پر ہنگامی امدادی اداروں سے رابطہ بھی کیا، تاہم شدید زخمی ہونے کے باعث خاتون اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گئیں۔
واقعے کے بعد پولیس اور جنگلی حیات کے ماہرین نے جائے وقوعہ کے قریب دو بڑے مگرمچھوں کو پکڑ لیا ہے۔ حکام کے مطابق دونوں جانوروں کے ڈی این اے نمونے فرانزک تجزیے کے لیے بھیج دیے گئے ہیں تاکہ حملہ آور مگرمچھ کی شناخت کی جا سکے۔
تحقیقاتی اداروں نے متاثرہ خاتون کی شناخت فوری طور پر ظاہر نہیں کی، کیونکہ ان کے اہل خانہ کو باضابطہ اطلاع دینا باقی تھا۔
جنگلی حیات کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس موسم میں فلوریڈا میں مگرمچھ زیادہ متحرک اور جارحانہ ہو سکتے ہیں، اس لیے عوام کو دریاؤں، جھیلوں اور قدرتی آبی مقامات پر غیر ضروری طور پر پانی میں داخل ہونے سے گریز کرنا چاہیے۔
