وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار ہونے والے اتار چڑھاؤ سے نمٹنے اور قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے “پیٹرولیم پرائسز اسٹیبلائزیشن فنڈ” قائم کر دیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فنڈ کے لیے ایک خصوصی سرکاری اکاؤنٹ مختص کر دیا گیا ہے، جہاں جمع ہونے والی تمام رقوم وفاقی حکومت کے پبلک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائیں گی۔
وزارتِ خزانہ نے آڈیٹر جنرل پاکستان، کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس، اکاؤنٹنٹ جنرل آف پاکستان ریونیو سمیت چاروں صوبوں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے اکاؤنٹنٹ جنرلز کو بھی باضابطہ طور پر مطلع کر دیا ہے۔
صوبائی حکومتوں کو فنڈ میں رقوم کی وصولی اور انتظامی امور سے متعلق ضروری اقدامات مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فنڈ کے لیے خصوصی اکاؤنٹ ہیڈ اور آبجیکٹ کوڈ بھی مختص کر دیے گئے ہیں تاکہ مالی معاملات شفاف اور منظم طریقے سے چلائے جا سکیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس فنڈ کے قواعد و ضوابط وزارتِ خزانہ، پیٹرولیم ڈویژن اور اوگرا مشترکہ طور پر تیار کریں گے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے قانونی اور مالیاتی طریقہ کار بھی الگ سے منظور کیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اچانک اضافے یا کمی کے اثرات کو بہتر انداز میں منظم کرنا اور مقامی مارکیٹ میں قیمتوں کو زیادہ مستحکم رکھنا ہے۔
