تکبیر نیوز — برطانیہ:
برطانیہ کے شہر بلیک پول میں ایک رہائشی گھر میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 13 سالہ لڑکا اور 19 سالہ نوجوان شدید زخمی ہو گئے، جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
یہ واقعہ 30 جون کی صبح تقریباً 9 بج کر 37 منٹ پر ریڈکار روڈ (Redcar Road) پر پیش آیا، جہاں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی لنکاشائر فائر اینڈ ریسکیو سروس کی پانچ فائر انجن، ایک کمانڈ سپورٹ یونٹ اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
فائر فائٹرز نے سانس لینے والے خصوصی آلات، دو ہوز ریلز اور ایک واٹر جیٹ کی مدد سے آگ پر قابو پایا، جبکہ گھر میں پھنسے دو افراد کو بحفاظت نکال کر نارتھ ویسٹ ایمبولینس سروس کے حوالے کیا گیا۔
لنکاشائر پولیس کے مطابق 19 سالہ نوجوان اور 13 سالہ لڑکے کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ مزید تین افراد کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔
پولیس اور فائر سروس کی ٹیمیں اب بھی موقع پر موجود ہیں اور آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقے سے دور رہیں، امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ نہ ڈالیں اور واقعے سے متعلق غیر مصدقہ اطلاعات یا افواہیں پھیلانے سے گریز کریں کیونکہ اس واقعے سے متاثرہ خاندان شدید ذہنی اذیت سے گزر رہے ہیں۔
