تکبیر نیوز — برازیل:
برازیل میں ایک 44 سالہ ہائیکر یادگاری تصویر بنواتے ہوئے تقریباً 500 فٹ گہری کھائی میں گر کر جان کی بازی ہار گیا۔ یہ افسوسناک واقعہ ریاست ریو ڈی جنیرو کے شہر ماریکا (Maricá) میں واقع مشہور پیڈرا دو ماکاکو (Pedra do Macaco) ٹریل پر پیش آیا۔
رپورٹس کے مطابق کائیو ارابال (Caio Arrabal) چٹان کی چوٹی پر ایک تنگ پتھریلی جگہ پر کھڑے ہو کر تصویر بنوا رہے تھے۔ اسی دوران وہ نیچے اترنے کی کوشش میں اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور گہری کھائی میں جا گرے۔ یہ منظر وہاں موجود دیگر ہائیکرز نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر صبح تقریباً 11 بج کر 40 منٹ پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں، تاہم دشوار گزار پہاڑی علاقہ اور گھنا جنگل ہونے کے باعث ریسکیو آپریشن انتہائی مشکل ثابت ہوا۔
ریسکیو اہلکاروں نے رسیوں اور فضائی معاونت کی مدد سے تقریباً چار گھنٹے کی کارروائی کے بعد ہائیکر کی لاش تک رسائی حاصل کی۔
ریسکیو انسٹرکٹر میتھیوس مورا نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ جائے وقوعہ تک پہنچنے کے لیے گھنے جنگل اور انتہائی دشوار راستوں سے گزرنا پڑا، جہاں خصوصی ریسکیو تکنیک استعمال کی گئی۔
مقامی حکام کے مطابق جس ٹریل پر حادثہ پیش آیا وہاں حفاظتی انتباہی بورڈز موجود نہیں تھے۔
یہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اسی علاقے میں پیش آنے والا دوسرا مہلک حادثہ ہے۔ اس سے قبل 14 جون کو 59 سالہ خاتون روزمیری گارشیا ایک غار میں ریپیلنگ کے دوران تقریباً 100 فٹ نیچے گر کر ہلاک ہو گئی تھیں۔
