مانچسٹر: برطانیہ کی HMP Manchester (اسٹرینجوے جیل) میں قتل کے مقدمے میں زیر حراست ایک ملزم نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ نئی سرکاری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملزم نے اپنی موت سے قبل جیل حکام کو متعدد بار دوسرے قیدیوں کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں سے آگاہ کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق 26 سالہ الیکس وردو منوز پر 68 سالہ ویلیری فریر کے قتل، ڈکیتی، چاقو رکھنے اور خطرناک ڈرائیونگ کے الزامات عائد تھے۔ وہ عدالت میں پیشی سے ایک روز قبل جیل کے ہیلتھ کیئر یونٹ میں مردہ پائے گئے۔
تحقیقات کے مطابق ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے منوز قتل کے واقعے سے صرف چھ ہفتے قبل برطانیہ آئے تھے۔ انہیں مارچ 2022 میں جیل منتقل کیا گیا، جہاں چند ہی دن بعد انہوں نے جیل عملے کو بتایا کہ دوسرے قیدی انہیں مسلسل دھمکیاں دے رہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث انہیں الگ رکھنے کا انتظام کیا گیا، تاہم بعد میں ہیلتھ کیئر یونٹ میں بھی انہوں نے اپنے خلاف دھمکیوں کی شکایت کی۔
منوز ایک ٹریفک حادثے میں ٹانگ کی شدید چوٹ کے باعث بیساکھیوں کے سہارے چل رہے تھے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا تھا جب پولیس مبینہ طور پر قتل کے بعد ان کا تعاقب کر رہی تھی۔
رپورٹ کے مطابق عدالت میں پیشی کے بعد معمول کے مطابق ان کی خیریت معلوم کی گئی۔ نرس نے انہیں پرسکون قرار دیا اور خودکشی یا خود کو نقصان پہنچانے کے کسی خدشے کا اظہار نہیں کیا۔
تاہم اگلے روز، عدالت میں دوبارہ پیشی سے قبل، وہ اپنی کوٹھڑی میں پھندا لگی حالت میں مردہ پائے گئے۔
جیل میں پہنچنے والی پولیس کو ہسپانوی زبان میں لکھا گیا ایک خط بھی ملا، جو ان کے اہل خانہ کے نام تھا اور جس میں انہوں نے اپنی جان لینے کے ارادے کا ذکر کیا تھا۔
Prisons and Probation Ombudsman کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جیل یا طبی عملے کی جانب سے فوری خطرے کو نظر انداز کرنے کا کوئی ثبوت نہیں ملا، جبکہ بعد ازاں ہونے والی انکوائری میں موت کو خودکشی قرار دیا گیا۔
انکوائری کے دوران جیوری نے یہ بھی کہا کہ جیل میں ملنے والی زبانی بدسلوکی اور دھمکیاں ان کی خودکشی کی ممکنہ وجوہات میں شامل ہو سکتی ہیں۔
یاد رہے کہ ویلیری فریر ایک معروف ڈاگ بریڈر تھیں اور ان کے ایک کتے نے 2014 میں Crufts ڈاگ شو میں Best in Show کی رنر اپ پوزیشن حاصل کی تھی۔
