برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں واقع لندن برج اسٹیشن پر ایک نوجوان خاتون کو ہراساں کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جہاں دو افسران کی بروقت کارروائی نے ممکنہ خطرے کو ٹال دیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیوٹی پر موجود انفورسمنٹ افسران محمد اور سیمونا معمول کے گشت پر تھے کہ انہوں نے ایک خاتون کو مشکوک حالت میں ایک عمر رسیدہ شخص کے پیچھے پریشان انداز میں چلتے ہوئے دیکھا۔
صورتحال کو بھانپتے ہوئے افسران نے فوری طور پر خاتون سے رابطہ کیا۔ اس دوران مذکورہ شخص نے دعویٰ کیا کہ خاتون اس کی بیٹی ہے، تاہم خاتون نے اشاروں سے واضح کیا کہ وہ اسے نہیں جانتی اور وہ اسے مورگیٹ اسٹیشن سے فالو کر رہا ہے۔
افسران نے فوری طور پر خاتون کو اپنی حفاظت میں لے لیا اور برٹش ٹرانسپورٹ پولیس سے رابطہ کیا۔ تاہم پولیس کے پہنچنے سے قبل ہی مشتبہ شخص موقع سے فرار ہو گیا۔
اہلکار خاتون کے ساتھ موجود رہے اور اس کے تحفظ کو یقینی بنایا۔ خاتون نے بتایا کہ وہ مدد کے لیے اشارہ کرنے کی کوشش کر رہی تھی مگر اسے سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ کس طرح مدد حاصل کی جائے۔
حکام نے دونوں افسران کی پیشہ ورانہ مہارت اور فوری ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت کارروائی نے ایک ممکنہ سنگین واقعے کو روک دیا۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر دورانِ سفر کوئی بھی خود کو غیر محفوظ محسوس کرے تو فوری طور پر 61016 پر ٹیکسٹ کرے یا ہنگامی صورتحال میں 999 پر رابطہ کرے۔
