ویگن: برطانیہ کے علاقے ایشٹن اِن میکر فیلڈ میں بس اور موٹر سائیکل کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم میں 28 سالہ موٹر سائیکل سوار جان کی بازی ہار گیا۔
گریٹر مانچسٹر پولیس (GMP) کے مطابق حادثہ 6 اگست کی رات تقریباً 11:54 بجے ویگن روڈ اور الیگزینڈرا روڈ کے جنکشن پر پیش آیا، جہاں ایک بس اور موٹر سائیکل آپس میں ٹکرا گئے۔
حادثے میں موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوا اور اسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق بس ڈرائیور جائے وقوعہ پر موجود رہا اور تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہا ہے۔
ٹرانسپورٹ فار گریٹر مانچسٹر نے واضح کیا ہے کہ حادثے میں شامل بس Bee Network سروس کا حصہ نہیں تھی۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی نے حادثے سے قبل کے لمحات دیکھے ہوں یا اس کے پاس ڈیش کیم یا موبائل فون کی ویڈیو موجود ہو تو وہ پولیس سے فوری رابطہ کرے۔
