ڈیون: برطانیہ کے نیوٹن ایبٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب ریلوے ٹریک پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے 66 سالہ میلکم وائٹ ہاؤس کی شناخت انکوائسٹ کے ابتدائی مرحلے میں ظاہر کر دی گئی ہے۔
سینئر ڈیون اور پلائمتھ کورونر فلپ اسپنی نے 7 اگست کو انکوائسٹ کا آغاز کرتے ہوئے بتایا کہ میلکم وائٹ ہاؤس ایک ریٹائرڈ آپٹک ٹیکنیشن تھے، بیوہ تھے، پینگٹن میں پیدا ہوئے اور نیوٹن ایبٹ میں رہائش پذیر تھے۔
سماعت میں بتایا گیا کہ 19 جون کو مرحوم نے اپنے دوستوں کو بتایا تھا کہ وہ جسمانی اور ذہنی طور پر خود کو ٹھیک محسوس نہیں کر رہے۔ اگلے روز دوست ان کے گھر گئے، تاہم وہاں سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
22 جون کو دوپہر تقریباً 3:16 بجے نیوٹن ایبٹ آنے والی ایک ٹرین کے ڈرائیور نے ریلوے ٹریک پر ایک شخص کو دیکھا، لیکن رفتار اور کم فاصلے کے باعث ٹرین بروقت نہ روک سکا۔
اطلاع ملنے پر ہنگامی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں، تاہم متعلقہ شخص کو جائے وقوعہ پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق موت کی وجہ متعدد شدید چوٹیں (Multiple Injuries) قرار دی گئی ہے۔
واقعے کے وقت برٹش ٹرانسپورٹ پولیس نے بتایا تھا کہ انہیں 22 جون کو دوپہر 2:45 بجے نیوٹن ایبٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹریک پر ایک شخص کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں اس واقعے کو مشکوک قرار نہیں دیا گیا اور مکمل رپورٹ کورونر کو پیش کی جائے گی۔
کورونر فلپ اسپنی نے انکوائسٹ ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس کی مکمل سماعت بعد میں مقرر کی جائے گی۔
