(تکبیر نیوز—- کراچی) کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں چائے کے ایک ہوٹل کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک شہری زخمی ہو گیا، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال بلاک 11 میں ارم اپارٹمنٹ اور میٹرو شاپنگ سینٹر کے قریب واقع چائے کے ہوٹل پر نامعلوم ملزمان نے اچانک فائرنگ کر دی۔
ریسکیو حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 52 سالہ واجد شدید زخمی ہو گیا جسے سر پر گولی لگی، جبکہ 55 سالہ راجہ بشیر بھی زخمی ہوا جس کی ٹانگ پر گولی لگی۔
چھیپا رضاکاروں نے جاں بحق شخص کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دی جبکہ زخمی شہری کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او گلستان جوہر نوید سومرو اور ایس ایچ او گلشن اقبال سعود پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔
پولیس حکام کے مطابق مقتول ہوٹل کے باہر زیر تعمیر بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کے قریب رکھی کرسی پر بیٹھا ہوا تھا کہ اسی دوران نامعلوم حملہ آوروں نے عقب سے فائرنگ کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو سر پر لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
