پیٹربورو: برطانیہ کے شہر پیٹربورو میں پولیس کو دو مختلف مواقع پر تیز رفتار تعاقب پر مجبور کرنے والے 19 سالہ ایڈم عبداللوش (Adam Abdellouche) کو عدالت نے 23 ماہ قید اور چار سال کے لیے ڈرائیونگ سے نااہل قرار دے دیا۔
کیمبرج شائر پولیس کے مطابق پہلا واقعہ 18 ستمبر 2024 کو پیش آیا جب افسران نے براڈوے میں ایک چاندی رنگ کی ووکس ہال آسٹرا گاڑی کو مشکوک نمبر پلیٹوں کے ساتھ دیکھا۔ پولیس نے گاڑی روکنے کی کوشش کی، تاہم ڈرائیور نے رفتار بڑھا کر فرار ہونے کی کوشش کی۔
ملزم نے 30 میل فی گھنٹہ کی حد والے علاقے میں تقریباً 55 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلائی، متعدد گاڑیوں کو ٹکر مارنے سے بال بال بچا، فٹ پاتھ پر گاڑی چڑھائی اور آخرکار دیوار سے ٹکرا گیا، جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہوگیا۔ بعد ازاں اسے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ضمانت پر رہائی کے بعد 10 اپریل 2026 کو لنکن شائر کے علاقے ٹیلنگٹن کے قریب پولیس نے دوبارہ اسے روکنے کی کوشش کی، لیکن اس نے ایک بار پھر فرار ہونے کی کوشش کی۔
اس دوران ملزم نے غلط سمت میں گاڑی چلائی، گول چکروں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی اور 120 میل فی گھنٹہ سے زائد رفتار اختیار کر لی۔ تعاقب ختم کرنے کے لیے پولیس نے اسٹنگر استعمال کیا، جس کے بعد گاڑی A15 روڈ پر روک لی گئی۔
گرفتاری کے بعد پولیس نے تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے چاقو بھی برآمد کیا۔
عدالت میں ایڈم عبداللوش نے دو مرتبہ خطرناک ڈرائیونگ، پولیس کے اشارے پر نہ رکنے، بغیر لائسنس گاڑی چلانے اور عوامی مقام پر چاقو رکھنے کے الزامات قبول کر لیے۔
کیمبرج کراؤن کورٹ نے 4 اگست کو اسے 23 ماہ قید کی سزا سنائی اور چار سال کے لیے ڈرائیونگ سے نااہل قرار دیا۔
کیس کے تفتیشی افسر ڈی سی جیمز واکر-ہیریسن نے کہا کہ ملزم نے پولیس سے بچنے کے لیے انتہائی خطرناک انداز میں گاڑی چلائی اور دوسروں کی جانوں کو شدید خطرے میں ڈالا، تاہم خوش قسمتی سے دونوں واقعات میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
