پونٹی پول: ویلز کے علاقے پونٹی پول میں ایک رہائشی سڑک پر پیش آنے والے پرتشدد واقعے کے بعد دو افراد تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہیں، جبکہ پولیس نے چار افراد کو پرتشدد ہنگامہ آرائی (Violent Disorder) کے شبے میں گرفتار کر لیا ہے۔
گوینٹ پولیس کے مسلح اہلکار جمعرات کی شام تقریباً 7:15 بجے پونٹ نیو وینید (Pontnewynydd) کے علاقے میں مل روڈ اور ہاسپٹل روڈ کے قریب پہنچے، جہاں ہنگامے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ پولیس کارروائی کے دوران ایک پولیس ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیا گیا۔
واقعے کے بعد تین افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے چار افراد میں سے دو تاحال پولیس حراست میں ہیں جبکہ دیگر کے حوالے سے قانونی کارروائی جاری ہے۔
واقعے کے بعد مل روڈ اور ہاسپٹل روڈ کے درمیان سڑک کو بند کر دیا گیا، جہاں فرانزک ماہرین اور تفتیشی ٹیمیں شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔ ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا گیا ہے۔
گوینٹ پولیس کی ڈیٹیکٹو چیف سپرنٹنڈنٹ این میری سالوے نے کہا کہ معاشرے میں کسی بھی قسم کا تشدد ناقابل قبول ہے اور اس واقعے میں ملوث ہر شخص کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی اضافی نفری علاقے میں موجود رہے گی اور عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی کے پاس سی سی ٹی وی، ڈیش کیم یا دیگر معلومات موجود ہوں، خاص طور پر شام 7 بجے سے 7:30 بجے کے درمیان کی، تو فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں۔
