تکبیر نیوز (گلاسگو): اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں پوزل پارک کی ایک خالی رہائشی عمارت میں لگنے والی شدید آگ کے معاملے میں 48 سالہ شخص کو گرفتار کرکے چارج کردیا گیا ہے، پولیس اس آتشزدگی کو جان بوجھ کر لگائی گئی آگ قرار دے کر تحقیقات کررہی تھی۔
پولیس اسکاٹ لینڈ کے مطابق واقعہ اتوار 6 ستمبر کو شام تقریباً 4 بج کر 50 منٹ پر اسٹونی ہرسٹ اسٹریٹ پر پیش آیا، جہاں زیرِ مرمت چار منزلہ خالی ٹینیمنٹ عمارت میں آگ بھڑک اٹھی۔
آگ اس قدر شدید تھی کہ عمارت کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا جبکہ موقع سے سامنے آنے والی تصاویر میں چھت کا ایک حصہ منہدم دکھائی دیا۔
آگ پر قابو پانے کیلئے چھ فائر انجن اور بلندی پر کام کرنے والا خصوصی فائر فائٹنگ سامان موقع پر بھیجا گیا۔ فائر فائٹرز اگلے روز تک جائے وقوعہ پر موجود رہے۔
خوش قسمتی سے واقعے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
متاثرہ عمارت ان تین رہائشی بلاکس میں شامل ہے جنہیں NG Homes کی جانب سے مرمت اور بحالی کے بعد 23 کم قیمت کرایے کے فلیٹس میں تبدیل کیا جارہا ہے۔
آتشزدگی سے قبل کئی ہفتوں سے ان گھروں کے مستقبل کے استعمال کے حوالے سے سوشل میڈیا پر غلط معلومات گردش کررہی تھیں۔
جولائی میں اس مقام کے باہر لوگوں کا ایک ہجوم بھی جمع ہوا تھا، جس کے پس منظر میں یہ غلط دعویٰ سامنے آیا تھا کہ ان گھروں کو پناہ کے متلاشی افراد کیلئے مختص کیا جائے گا۔
تاہم NG Homes، گلاسگو سٹی کونسل اور اسکاٹش حکومت تینوں واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ پناہ گزینوں سے متعلق یہ دعوے درست نہیں ہیں۔
آتشزدگی کے بعد پولیس نے واقعے کو جان بوجھ کر آگ لگانے کا واقعہ قرار دیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی تھیں۔
اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر جان سوئنی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ دار افراد کو قانون کی گرفت میں لانے کا مطالبہ کیا تھا اور ایسے رویے کو مکمل طور پر ناقابلِ قبول قرار دیا تھا۔
اب پولیس اسکاٹ لینڈ نے تصدیق کی ہے کہ واقعے کے سلسلے میں 48 سالہ شخص کو گرفتار کرکے اس پر فردِ جرم عائد کردی گئی ہے۔
ملزم کو پیر 14 ستمبر 2026 کو گلاسگو شیرف کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گرفتاری اور چارج کیے جانے کے باوجود ملزم کے خلاف الزام کا فیصلہ ابھی عدالت میں ہونا باقی ہے۔
