تکبیر نیوز (برمنگھم): برمنگھم کے علاقے ڈگبتھ میں وہ نائٹ کلب جہاں تقریباً چار سال قبل 23 سالہ فٹبالر کوڈی فشر کو قتل کردیا گیا تھا، سخت حفاظتی شرائط اور نئے نام GASWRX کے ساتھ دوبارہ کھولا جا رہا ہے۔
کوڈی فشر کو باکسنگ ڈے 2022 کے موقع پر ڈگبتھ کے کرین کلب (Crane) کے ڈانس فلور پر چاقو کے وار کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ بعدازاں ریمی گورڈن اور کامی کارپینٹر کو ان کے قتل کے جرم میں قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
واقعے کے بعد حفاظتی خدشات کے باعث جنوری 2023 میں کلب کا لائسنس منسوخ کردیا گیا تھا۔ تاہم رواں سال مارچ میں ایک جج نے مقام کے منتظمین، برمنگھم سٹی کونسل اور پولیس کے درمیان مشاورت اور نئی سخت حفاظتی شرائط طے ہونے کے بعد لائسنس بحال کرنے کی سفارش کی۔
کلب کو اب GASWRX کا نیا نام دیا گیا ہے اور افتتاحی تقریب میں معروف ڈی جے آرمینڈ وین ہیلڈن مرکزی پرفارمر کے طور پر شریک ہوں گے، جبکہ اس موقع پر دیگر فنکار اور اسٹریٹ فوڈ وینڈرز بھی موجود ہوں گے۔
برمنگھم سٹی کونسل کے مطابق مقام کی انتظامیہ اور ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے ساتھ تین اجلاس کیے گئے، جن کے بعد ایسا نیا لائسنس مرتب کیا گیا جو موجودہ اور مستقبل کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے سخت رسک اسیسمنٹ اور حفاظتی شرائط پر مبنی ہے۔
معاہدے کے تحت سابق کرین کلب چلانے والی کمپنی ڈیجیٹل آرٹس میڈیا نے برمنگھم سٹی کونسل کے قانونی اخراجات کی مد میں 30 ہزار پاؤنڈ بھی ادا کیے ہیں۔
نئے کلب کی افتتاحی تقریب کیلئے جاری حفاظتی ہدایات کے مطابق داخلے سے قبل تمام مہمانوں اور ان کے سامان کی تلاشی لی جاسکے گی، بڑی بیگز کو سکیورٹی عملہ اندر لے جانے سے روک سکتا ہے جبکہ منشیات، ہتھیار یا خطرناک اشیاء رکھنے والے کسی بھی شخص کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی یا اسے کلب سے نکال دیا جائے گا۔
کوڈی فشر برمنگھم سٹی ایف سی اکیڈمی کے سابق فٹبالر تھے اور برومزگروو اسپورٹنگ اور اسٹریٹفورڈ ٹاؤن کیلئے بھی کھیل چکے تھے۔ 2022 میں کلب کے اندر ان کے سینے اور ٹانگ پر چاقو کے وار کیے گئے تھے اور انہیں موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔
کمپنی کی جانب سے نکولس لیویزر نے مارچ میں بتایا تھا کہ نئے نام کے ساتھ کلب کی سینئر مینجمنٹ ٹیم بھی پہلے سے مختلف ہوگی۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے مقام پر کھلنے والے کسی بھی نئے کلب کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنانے کیلئے ضروری اقدامات سے متعلق مشورے فراہم کیے ہیں۔ پولیس کی خصوصی برمنگھم لائسنسنگ ٹیم شہر کے مختلف مقامات کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے تاکہ برمنگھم کو محفوظ اور پُرکشش تفریحی مقام بنایا جاسکے۔
پولیس نے مزید کہا کہ اس موقع پر بھی ان کی ہمدردیاں کوڈی فشر کے خاندان اور ان کی موت سے متاثر ہونے والے تمام افراد کے ساتھ ہیں۔
