لاس اینجلس: امریکی اداکارہ ہیڈن پینیٹیئر 36 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ وہ مقبول ٹی وی ڈراموں Heroes اور Nashville میں اپنے کرداروں کے باعث عالمی شہرت رکھتی تھیں۔
اداکارہ کے نمائندے نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے والد اسکِپ پینیٹیئر کا بیان جاری کیا، جس میں انہوں نے اپنی بیٹی کو خاندان اور دنیا بھر میں ان کے مداحوں کے لیے ایک غیر معمولی شخصیت قرار دیا۔
والد نے کہا کہ خاندان اس ناقابلِ تصور نقصان سے نمٹنے کے لیے وقت چاہتا ہے اور میڈیا سے نجی زندگی کا احترام کرنے کی درخواست کی ہے۔
اداکارہ کی ایک 11 سالہ بیٹی کایا بھی ہے۔ ان کی موت کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔
اداکاری کا شاندار سفر
ہیڈن پینیٹیئر نے کم عمری میں ہی اداکاری کا آغاز کردیا تھا۔ انہیں ابتدائی طور پر ٹی وی صابن اوپراز میں کام کے بعد 2000 کی فلم Remember the Titans سے نمایاں شناخت ملی، جس میں انہوں نے ڈینزل واشنگٹن کے ساتھ اداکاری کی۔
بعد ازاں سپر ہیرو ڈرامہ Heroes میں Claire Bennet کا کردار ان کی عالمی شہرت کی بڑی وجہ بنا۔
اس کے بعد انہوں نے مشہور ٹی وی سیریز Nashville میں ابھرتی ہوئی کنٹری گلوکارہ Juliette Barnes کا کردار ادا کیا اور چھ سیزنز تک اس سیریز کا حصہ رہیں۔
گولڈن گلوب نامزدگیاں
Nashville میں ان کی اداکاری پر انہیں دو مرتبہ گولڈن گلوب کے لیے بہترین معاون اداکارہ کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا۔
سیریز میں ان کی گائیکی بھی بے حد مقبول ہوئی اور ان کے گائے ہوئے گانوں نے امریکی Billboard Hot Country Songs چارٹ پر 11 مرتبہ جگہ بنائی۔
ان کی دیگر فلموں میں Bring It On: All or Nothing، Raising Helen، Scream 4 اور Scream VI شامل ہیں، جہاں انہوں نے Kirby Reed کا کردار ادا کیا۔
ذاتی مشکلات کا بھی ذکر کیا
ہیڈن پینیٹیئر نے اپنی زندگی میں نشے کی لت اور ذہنی صحت سے متعلق مشکلات کے بارے میں بھی کھل کر بات کی تھی۔
اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب میں انہوں نے اپنے چھوٹے بھائی جینسن کی 2023 میں دل کی بیماری کے باعث 28 سال کی عمر میں ہونے والی موت کا بھی ذکر کیا تھا۔
اداکارہ نے اپنی بیٹی کایا کی مکمل تحویل سابق ساتھی، یوکرینی باکسر ولادیمیر کلِٹسکو کو دینے کے فیصلے پر بھی ماضی میں تفصیل سے بات کی تھی۔
