تکبیر نیوز (بریڈفورڈ): برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں ایک جیولرز پر پیش آنے والے مبینہ ڈکیتی کے واقعے کے سلسلے میں پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرنے کے بعد ان پر روبری کا الزام عائد کردیا ہے، دونوں ملزمان کو ہفتے کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ویسٹ یارکشائر پولیس کے مطابق 27 سالہ محمد بلمخیر (Mohammed Balmakhear) اور 34 سالہ ڈینزل ڈینیوس (Denzel Deneus)، جن دونوں کا کوئی مستقل پتہ نہیں، کو تحقیقات کے بعد چارج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق الزامات کا تعلق جمعرات 10 ستمبر کو بریڈفورڈ کی مانچسٹر روڈ پر واقع رائل جیولرز میں پیش آنے والے واقعے سے ہے۔
پولیس نے اس واقعے کو کاروباری مقام پر ہونے والا ایک “حملہ” قرار دیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس افسران رائل جیولرز پہنچے تھے اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔
بعد ازاں پولیس کی کارروائی کے دوران دو افراد کو گرفتار کیا گیا، جنہیں مزید تفتیش کے بعد روبری کے الزام میں چارج کردیا گیا۔
دونوں ملزمان بدستور پولیس حراست میں ہیں اور انہیں ہفتہ کو بریڈفورڈ مجسٹریٹس کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔
ویسٹ یارکشائر پولیس کی جانب سے فراہم کردہ بیان میں واقعے کے دوران چوری ہونے والی اشیا، ان کی مالیت یا کسی شخص کے زخمی ہونے سے متعلق مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
واضح رہے کہ محمد بلمخیر اور ڈینزل ڈینیوس پر فی الحال الزامات عائد کیے گئے ہیں اور ان کے خلاف جرم ابھی عدالت میں ثابت نہیں ہوا۔
