تکبیر نیوز (ساؤتھ یارکشائر): برطانیہ میں ساؤتھ یارکشائر فائر اینڈ ریسکیو سروس کی گاڑی سے اصل فائر سیفٹی کا سامان چوری ہونے کے بعد شہریوں کو خبردار کردیا گیا ہے کہ فائر سروس کا اہلکار ظاہر کرکے گھر آنے والے کسی بھی شخص کی شناخت کی مکمل تصدیق کریں۔
فائر سروس کے مطابق حال ہی میں اس کی ایک گاڑی سے فائر سیفٹی کِٹ چوری ہوئی، جس میں فائر بلینکٹ اور آگ بجھانے والا آلہ سمیت دیگر سامان شامل تھا۔
واقعے کے بعد ساؤتھ یارکشائر فائر اینڈ ریسکیو نے احتیاطی طور پر رہائشیوں کیلئے اہم حفاظتی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ کوئی شخص چوری شدہ سامان یا فائر سروس کی شناخت کا غلط استعمال کرکے شہریوں کو دھوکا نہ دے سکے۔
فائر سروس نے شہریوں سے کہا ہے کہ اگر کوئی شخص خود کو ساؤتھ یارکشائر فائر اینڈ ریسکیو کا اہلکار ظاہر کرتے ہوئے گھر آئے تو اس کا باقاعدہ شناختی کارڈ ضرور طلب کریں۔
حکام کے مطابق فائر سروس کے اہلکار سرکاری اور واضح طور پر نشان زدہ گاڑیوں میں آتے ہیں، اس لیے شہری گاڑی کی شناخت بھی یقینی بنائیں۔
فائر سروس نے کہا کہ اگر کسی شخص کی شناخت کے بارے میں معمولی سا بھی شک ہو تو اسے گھر میں داخل ہونے کی اجازت دینے سے پہلے 0114 253 2314 پر رابطہ کرکے تصدیق کی جائے۔
سامان کی چوری کا معاملہ ساؤتھ یارکشائر پولیس کو رپورٹ کردیا گیا ہے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی شخص کو فائر سروس کا سامان فروخت کرنے کی پیشکش کی جائے یا اس چوری کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو 101 پر پولیس سے رابطہ کریں۔
فائر سروس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ کسی بھی غیر متوقع دورے کے دوران صرف وردی یا فائر سیفٹی کے سامان کو دیکھ کر کسی شخص پر اعتماد نہ کریں بلکہ اس کی سرکاری شناخت کی باقاعدہ تصدیق کریں۔
