مانچسٹر: امریکا میں مانچسٹر سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ نوجوان جیمی تھامس لوماس کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا، جس کے بعد مقامی پولیس نے قتل کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جیمی لوماس امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر کینٹ میں ایک مکان کے اندر متعدد گولیوں کے زخموں کے ساتھ پائے گئے۔
پولیس کو ہفتہ 22 اگست کو گھریلو جھگڑے کی اطلاع پر جائے وقوعہ پر بلایا گیا، جہاں اہلکاروں کو 26 سالہ جیمی زخمی حالت میں ملے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
کنگ کاؤنٹی میڈیکل ایگزامینر کے دفتر نے واقعے کو قتل قرار دے دیا ہے، جبکہ سنگین جرائم کی تحقیقات کرنے والے افسران معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں۔
اب تک واقعے کے سلسلے میں کسی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
جیمی لوماس گزشتہ تقریباً پانچ برس سے امریکا میں مقیم تھے۔
ادھر جیمی کے اہلخانہ شدید صدمے سے دوچار ہیں اور ان کی میت امریکا سے مانچسٹر واپس لانے کیلئے چندہ جمع کر رہے ہیں تاکہ خاندان اپنے پیارے کو آخری وداع کر سکے۔
اہلخانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جیمی صرف 26 سال کے تھے اور ایک محبت کرنے والے خاندانی فرد تھے، جنہیں جاننے والے سبھی لوگ بے حد چاہتے تھے۔
خاندان نے کہا کہ جیمی کی زندگی ابھی بہت باقی تھی اور وہ اچانک اس طرح ان سے بچھڑ جائیں گے، اس کا انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔
برطانوی دفتر خارجہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ وہ جیمی لوماس کے خاندان کی مدد کر رہا ہے اور مقامی حکام سے رابطے میں ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ وہ امریکا میں جاں بحق ہونے والے ایک برطانوی شہری کے خاندان کی معاونت کر رہے ہیں اور مقامی حکام سے رابطے میں ہیں۔
اہلخانہ نے جیمی کی میت وطن واپس لانے کے اخراجات پورے کرنے کیلئے آن لائن چندہ مہم شروع کی ہے۔
