تکبیر نیوز (اولڈبری): برطانیہ کے علاقے اولڈبری میں گریڈ ٹو درجے کی تاریخی عمارت میں واقع پب میں خوفناک آگ لگنے کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، ابتدائی طور پر آگ جان بوجھ کر لگائے جانے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے، تاہم خوش قسمتی سے کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
واقعہ جمعہ 21 اگست کی صبح تقریباً 4 بجے برمنگھم اسٹریٹ پر واقع دی جنکشن اِن میں پیش آیا۔ ہنگامی صورتحال کی اطلاع ملنے کے بعد ویسٹ مڈلینڈز فائر سروس کی چار فائر گاڑیاں موقع پر پہنچیں، جن میں اولڈبری، اسمِتھ وِک، ویسٹ برومِچ اور ٹپٹن فائر اسٹیشنز کے فائر فائٹرز شامل تھے۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے مطابق عمارت میں لگنے والی آگ پر فائر سروس نے قابو پالیا، تاہم ابتدائی تحقیقات میں شبہ ہے کہ آگ خود بخود نہیں لگی بلکہ اسے جان بوجھ کر شروع کیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ آگ صبح تقریباً 4 بجے لگی اور عمارت کے گراؤنڈ فلور اور پہلی منزل دونوں متاثر ہوئے۔ خوش قسمتی سے واقعے کے دوران کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
دی جنکشن اِن ایک تاریخی پب ہے جو 1800 کی دہائی سے موجود ہے اور اسے گریڈ ٹو درجے کی تاریخی عمارت کا درجہ حاصل ہے۔ واقعے کے وقت ویسٹ مڈلینڈز فائر سروس نے عمارت کو خالی اور غیر استعمال شدہ قرار دیا تھا۔
فائر سروس کے مطابق آٹھ فائر فائٹرز نے سانس لینے کے آلات استعمال کرتے ہوئے ہوز ریلز کی مدد سے آگ پر قابو پایا۔ آگ بجھانے کے بعد عملے نے عمارت کے اندر دھواں نکالنے کے لیے خصوصی پنکھے استعمال کیے جبکہ ساتھ موجود عمارتوں کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ آگ وہاں تک تو نہیں پہنچی۔
فائر سروس کا آخری عملہ صبح 8 بجے سے کچھ دیر پہلے جائے وقوعہ سے روانہ ہوا۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے افسران بھی موقع پر موجود رہے اور اب واقعے کی مزید تحقیقات کے لیے عمارت اور اردگرد کے علاقے کی نگرانی میں موجود کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
پولیس اور فائر سروس کے تفتیش کار مل کر یہ معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ تاریخی عمارت میں آگ کس طرح لگی اور اسے جان بوجھ کر شروع کیے جانے کے شبہے کی مکمل حقیقت کیا ہے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی شخص نے جمعہ کی صبح اولڈبری کی برمنگھم اسٹریٹ کے علاقے میں کوئی مشکوک سرگرمی دیکھی ہو یا واقعے سے متعلق کوئی معلومات موجود ہوں تو پولیس سے رابطہ کریں۔
معلومات رکھنے والے افراد 101 پر کال کرسکتے ہیں یا پولیس کی ویب سائٹ پر براہ راست چیٹ کے ذریعے اطلاع دے سکتے ہیں۔ پولیس سے رابطہ کرتے وقت جرائم نمبر 20/370931/26 کا حوالہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
