لندن: کوونٹ گارڈن کے علاقے میں ایک خاتون کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے بعد میٹروپولیٹن پولیس نے ایک مشتبہ شخص کی تصاویر جاری کرتے ہوئے عوام سے مدد طلب کرلی ہے۔
پولیس کے مطابق 20 سال کی عمر کی خاتون 22 اگست بروز ہفتہ علی الصبح شافٹس بری ایونیو، کیمبرج سرکس اور ڈرری لین کے مصروف علاقوں سے گزر رہی تھی کہ ایک نامعلوم شخص نے اس کا پیچھا کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ صبح تقریباً 5 بج کر 20 منٹ پر مشتبہ شخص نے خاتون کو میکلن اسٹریٹ میں ایک دروازے کے اندر گھسیٹ لیا اور مبینہ طور پر زیادتی کی۔
خاتون نے مزاحمت کرتے ہوئے خود کو حملہ آور سے چھڑایا اور وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی، جس کے بعد اس نے پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔
پولیس نے علاقے کی نگرانی کے کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا، جس کے بعد ایک شخص کی شناخت ہوئی جس سے واقعے کے سلسلے میں پوچھ گچھ کرنا مقصود ہے۔
پولیس کے مطابق مشتبہ شخص کی عمر تقریباً 25 سے 35 سال ہے۔ اسے لیسل اسٹریٹ اور ڈرری لین کے قریب دیکھا گیا تھا۔ اس نے سرمئی رنگ کی ہُڈی، گہرے رنگ کی بغیر آستین والی جیکٹ، بیگ، عام پتلون اور اسپورٹس جوتے پہن رکھے تھے۔
اس کے بال چھوٹے اور گہرے رنگ کے بتائے گئے ہیں۔
میٹروپولیٹن پولیس نے اپیل کی ہے کہ جو افراد 22 اگست کو صبح 4 بج کر 30 منٹ سے 6 بجے کے درمیان کوونٹ گارڈن اور اطراف کے علاقوں میں موجود تھے اور انہوں نے کوئی مشکوک سرگرمی دیکھی ہو، وہ پولیس سے رابطہ کریں۔
تحقیقات کی سربراہی کرنے والے تفتیشی افسر پال رڈلے نے کہا کہ پولیس کی ہمدردیاں متاثرہ خاتون کے ساتھ ہیں اور وہ واقعے کے ذمہ دار شخص کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ممکن ہے کسی شخص نے واقعے سے قبل یا بعد میں مشتبہ شخص کو دیکھا ہو اور اس کی فراہم کردہ معمولی سی معلومات بھی تحقیقات میں اہم ثابت ہوسکتی ہیں۔
پولیس نے بتایا ہے کہ علاقے میں گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے۔
معلومات رکھنے والے افراد 101 پر رابطہ کرتے ہوئے حوالہ نمبر CAD 5512/22AUG26 بتائیں۔ گمنام طور پر اطلاع دینے کے لیے کرائم اسٹاپرز سے 0800 555 111 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
