تکبیر نیوز، برمنگھم: معروف کاروباری، سماجی اور سیاسی شخصیت قاضی عمر جمیل کو پاکستان پیپلز پارٹی برمنگھم برانچ کا نائب صدر مقرر کر دیا گیا۔ پارٹی قیادت کی جانب سے ان کی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن ایک پروقار تقریب کے دوران قاضی عمر جمیل کے حوالے کیا گیا۔
تقریب کی صدارت پاکستان پیپلز پارٹی برمنگھم برانچ کے صدر راجہ قیوم نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض سیکرٹری جنرل برمنگھم برانچ ارشاد عزیز نے انجام دیے۔ تقریب کے مہمان خصوصی بلال سلطان تھے۔
تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں، عہدیداران، کارکنوں، جیالوں اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب سے پاکستان پیپلز پارٹی برمنگھم کے سینئر نائب صدر و مشیر حکومت چوہدری شبیر، نائب صدر طالب چوہان، مشیر حکومت آزاد کشمیر چوہدری ریاض، سابق ایڈوائزر چوہدری زوہیب صادق، چیئرمین کشمیر کمیٹی پی پی پی یوکے نائب حسین مغل، مہمان خصوصی بلال سلطان، صدرِ محفل راجہ قیوم، نومنتخب نائب صدر قاضی عمر جمیل، یوتھ رہنما چوہدری تبارک علی، ٹی وی اینکر واجد بشیر اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
مقررین نے اپنے خطاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سیاسی کردار، جمہوری جدوجہد اور عوامی خدمت کے حوالے سے پارٹی کی تاریخ اور خدمات پر روشنی ڈالی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنے کارکنوں کو عزت، اعتماد اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے قاضی عمر جمیل کو نائب صدر کی ذمہ داری ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک متحرک کاروباری، سماجی اور سیاسی شخصیت ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قاضی عمر جمیل کی تقرری سے برمنگھم میں پاکستان پیپلز پارٹی کی تنظیم مزید مضبوط، فعال اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر نومنتخب نائب صدر قاضی عمر جمیل نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قیادت نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی منشور اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے برطانیہ میں پارٹی کو مزید منظم اور مضبوط بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
قاضی عمر جمیل نے کہا کہ وہ پارٹی کی جانب سے سونپی گئی ذمہ داری کو احسن انداز میں نبھانے کی کوشش کریں گے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور، جمہوری اقدار اور عوامی خدمت کے پیغام کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
تقریب کے اختتام پر پارٹی رہنماؤں، عہدیداران اور کارکنوں نے قاضی عمر جمیل کو نئی ذمہ داری ملنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شرکاء نے امید ظاہر کی کہ قاضی عمر جمیل اپنی سیاسی، سماجی اور تنظیمی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے برمنگھم میں پاکستان پیپلز پارٹی کو مزید متحرک اور مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔












































