تکبیر نیوز — ایکرنگٹن: ایکرنگٹن کی رضا جامع مسجد میں نئی مدرسہ عمارت کی تعمیر مکمل کرلی گئی، جس کا باقاعدہ افتتاح اتوار 30 اگست کو سالانہ میلاد النبی ﷺ کے جلوس کے بعد کیا جائے گا۔
لوئر اینٹلی اسٹریٹ پر واقع رضا جامع مسجد کی نئی مدرسہ عمارت کی تعمیر کا آغاز ستمبر 2024 میں کیا گیا تھا، جبکہ کمیونٹی کے تعاون اور عطیات کی بدولت یہ منصوبہ دو سال سے بھی کم عرصے میں مکمل کرلیا گیا۔
نئی عمارت کی تعمیر پر مجموعی طور پر 35 لاکھ پاؤنڈ لاگت آئی، جس کی مکمل رقم مقامی کمیونٹی کی جانب سے دیے گئے عطیات سے حاصل کی گئی۔
مسجد انتظامیہ کی جانب سے منصوبے کی تکمیل میں خصوصی تعاون پر حاجی جاوید حسین کی خدمات کو بھی سراہا گیا ہے۔
رضا جامع مسجد کے ترجمان نے کہا کہ الحمدللہ، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے نئی مدرسہ عمارت کی افتتاحی تقریب کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے۔
ترجمان کے مطابق منصوبے میں تعاون کرنے والے تمام افراد کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس عمارت کو امت کے لیے فائدہ مند بنائے اور تمام معاونین کو اجر عطا فرمائے۔
مسجد انتظامیہ نے عوام کو بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
