تکبیر نیوز — برمنگھم: سٹن کولڈفیلڈ میں ایک شخص کی پراسرار موت کو ایک سال گزرنے کے باوجود پولیس اس کی شناخت اور موت کی وجوہات جاننے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے مطابق 27 اگست 2025 کو سٹن کولڈفیلڈ کے گرینج لین میں واقع ایک رہائشی مقام سے ایک شخص کی لاش ملی تھی، تاہم اب تک متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی۔
پولیس نے جائے وقوعہ کی تلاشی کے دوران ایک دوسرے شخص کی تصویر بھی برآمد کی تھی۔ پولیس کا خیال ہے کہ یہ تصویر کچھ عرصہ قبل لی گئی تھی اور اس میں موجود شخص کے سٹن کولڈفیلڈ اور ویسٹ بروم وچ سے روابط ہوسکتے ہیں۔
پولیس نے پہلے بھی تصویر جاری کرتے ہوئے عوام سے اس شخص کی شناخت میں مدد کی اپیل کی تھی، تاہم کوئی شخص سامنے نہیں آیا۔
اب ایک سال مکمل ہونے پر پولیس نے دوبارہ اپیل جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تفتیشی ٹیم اس معاملے کے جواب تلاش کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
تفتیشی افسر میٹ مارسٹن نے کہا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود پولیس اس شخص کی موت کو اب بھی پراسرار اور غیر واضح موت کے طور پر دیکھ رہی ہے اور موصول ہونے والی کسی بھی نئی معلومات کا جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کوئی ایسا شخص موجود ہو جو تصویر میں نظر آنے والے شخص کو جانتا ہو یا اس کیس کے بارے میں اہم معلومات رکھتا ہو۔
پولیس ترجمان کے مطابق سٹن کولڈفیلڈ میں لاش ملنے کے بعد وسیع پیمانے پر تفتیش کی گئی، مقامی لوگوں سے بات چیت کی گئی اور دیگر کئی پہلوؤں سے بھی تحقیقات جاری رکھی گئیں، تاہم متوفی کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ تصویر میں موجود شخص کو پہچانتے ہیں یا اس واقعے سے متعلق کوئی بھی معلومات رکھتے ہیں تو 101 پر رابطہ کریں یا پولیس کی آن لائن لائیو چیٹ استعمال کریں۔
معلومات دیتے وقت 27 اگست 2025 کے لاگ نمبر 1152 کا حوالہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
معلومات گمنام طور پر کرائم اسٹاپرز کو بھی 0800 555 111 پر دی جاسکتی ہیں۔
