تکبیر نیوز — چیشائر، برطانیہ: چیشائر کے علاقے ایسٹن بائی بڈورتھ میں ایک فارم پر صنعتی سلری ٹینک میں گرنے سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ بدھ 26 اگست کو دوپہر تقریباً 12 بج کر 20 منٹ پر کین لین کے قریب واقع ایک فارم پر پیش آیا، جہاں صنعتی حادثے کی اطلاع پر پولیس، فائر سروس اور ایمبولینس سمیت ہنگامی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔
امدادی اہلکاروں نے ٹینک میں گرے ہوئے دونوں افراد کو باہر نکالا۔ دونوں کی عمریں 72 اور 42 سال بتائی گئی ہیں، تاہم امدادی ٹیموں کی کوششوں کے باوجود دونوں کو موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ جاں بحق افراد کے قریبی رشتہ داروں کو واقعے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔
حادثے کی وجوہات اور حالات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ پولیس اس بات کا تعین کررہی ہے کہ دونوں افراد صنعتی ٹینک میں کس طرح گرے۔
جاں بحق افراد کے اہل خانہ نے اس مشکل وقت میں اپنی نجی زندگی کا احترام کرنے کی اپیل کی ہے۔
