سالفورڈ: برطانیہ کے علاقے واکڈن، سالفورڈ میں ایک ایسے گھر پر عدالت نے جزوی بندش (Partial Closure Order) نافذ کر دی ہے جہاں منشیات کے استعمال، تشدد اور مشتبہ افراد کی آمد و رفت سے مقامی رہائشیوں کی زندگی شدید متاثر ہو رہی تھی۔
گریٹر مانچسٹر پولیس (GMP) کے مطابق اسپرنگ سائیڈ ایونیو میں واقع اس گھر کے خلاف کئی ماہ سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ پولیس نے ForHousing کے تعاون سے عدالت سے حکم حاصل کیا۔
عدالتی حکم کے تحت آئندہ تین ماہ تک اس گھر میں صرف رہائشی، اس کے قریبی رشتہ دار یا سرکاری ذمہ داری ادا کرنے والے پیشہ ور افراد ہی داخل ہو سکیں گے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس مکان پر مسلسل منشیات استعمال کرنے والے افراد اور پرتشدد سرگرمیوں میں ملوث لوگوں کی آمد و رفت رہتی تھی، جس کے باعث اردگرد کے رہائشی شدید مشکلات اور خوف کا شکار تھے۔
عدالت نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی غیر مجاز شخص اس مکان میں داخل پایا گیا تو وہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا، اسے گرفتار کیا جا سکتا ہے اور عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
گریٹر مانچسٹر پولیس کے مطابق یہ حکم فی الحال تین ماہ کے لیے نافذ ہے، تاہم ضرورت پڑنے پر اس میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔
پولیس نے مقامی شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے فراہم کی گئی معلومات اور مسلسل شکایات کی بدولت یہ کارروائی ممکن ہوئی، اور پولیس مستقبل میں بھی معاشرے کو جرائم اور سماجی بدامنی سے محفوظ رکھنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گی۔
