لنکن شائر: برطانیہ کی لنکن شائر پولیس کے انسپکٹر اینڈریو پرائس کو ایک کمزور شہری کے ساتھ غیر پیشہ ورانہ تعلقات قائم رکھنے، اس کا منشیات کا قرض ادا کرنے اور دیگر سنگین ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر بغیر نوٹس ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔
پولیس ہیڈکوارٹر نیٹلہم میں 5 اگست کو ہونے والی تیز رفتار محکمانہ سماعت (Accelerated Misconduct Hearing) میں بتایا گیا کہ انسپکٹر اینڈریو پرائس، جو لاؤتھ پولیس اسٹیشن میں تعینات تھے، نے ابتدا میں اپنے سرکاری فرائض کے تحت ایک کمزور شہری کی رہائش اور مدد کے لیے رابطہ کیا، مگر بعد ازاں وہ پیشہ ورانہ حدود برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔
سماعت میں انکشاف ہوا کہ انہوں نے اس شخص کے لیے کھانے اور خریداری کا سامان خریدا، اس کے ساتھ کوئز پروگرام میں شرکت کی، یہاں تک کہ اس کا منشیات کا قرض بھی ادا کیا۔
مزید یہ بھی سامنے آیا کہ انہوں نے متعلقہ شخص کو ایک جرم پولیس کو رپورٹ نہ کرنے کا مشورہ دیا اور خود بھی اس واقعے کی اطلاع نہیں دی۔
پولیس کے مطابق ان کے اقدامات سے پولیس پر عوام کے اعتماد کو شدید نقصان پہنچ سکتا تھا۔
سماعت میں یہ بھی بتایا گیا کہ اینڈریو پرائس نے 26 مئی کو ناٹنگھم مجسٹریٹس کورٹ میں PAVA (مصنوعی مرچ اسپرے) غیر قانونی طور پر رکھنے کے جرم کا اعتراف کیا تھا۔ یہ اسپرے ان کی گاڑی کے ڈِگی سے برآمد ہوا، حالانکہ ڈیوٹی سے ہٹ کر اسے پولیس اسٹیشن میں محفوظ رکھنا لازمی تھا۔
چیف کانسٹیبل گبسن، جنہوں نے سماعت کی صدارت کی، نے قرار دیا کہ اینڈریو پرائس نے پیشہ ورانہ ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزیاں کیں، جو گراس مس کنڈکٹ (Gross Misconduct) کے زمرے میں آتی ہیں۔
سماعت کے اختتام پر انسپکٹر اینڈریو پرائس کو فوری طور پر بغیر نوٹس ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔
