(تکبیر نیوز—- برطانیہ، ویسٹ مڈلینڈز) ویسٹ مڈلینڈز کے ریلوے نیٹ ورک میں بڑی تکنیکی خرابی کے باعث ٹرین سروسز شدید متاثر ہو گئی ہیں جبکہ متعدد ٹرینیں تاخیر اور منسوخی کا شکار ہیں۔
نیشنل ریل کے مطابق شروزبری اور وولورہیمپٹن کے درمیان پوائنٹس فیل ہونے کے باعث ریلوے لائنیں متاثر ہوئیں جس کے بعد ٹرین آپریشن میں شدید خلل پیدا ہو گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال جمعرات کے اختتام تک جاری رہ سکتی ہے جبکہ ویسٹ مڈلینڈز ریلوے اور ٹرانسپورٹ فار ویلز کی سروسز بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔
خرابی کے باعث شروزبری اور برمنگھم انٹرنیشنل کے درمیان ٹرینیں نہیں چل سکیں جبکہ متبادل انتظام کے طور پر شروزبری، ویلنگٹن، ٹیلفورڈ سینٹرل اور وولورہیمپٹن کے درمیان گھنٹہ وار ریل متبادل بس سروس شروع کر دی گئی ہے۔
دیگر روٹس پر بھی مسافروں کو 30 منٹ تک تاخیر اور سروسز میں تبدیلیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹرین ٹکٹ رکھنے والے مسافر نیشنل ایکسپریس ویسٹ مڈلینڈز بس سروس استعمال کر سکتے ہیں جو برمنگھم، والسال، وولورہیمپٹن، ولن ہال اور ڈارلسٹن کے درمیان چل رہی ہیں۔
فی الحال شروزبری اور ٹیلفورڈ سینٹرل کے درمیان جبکہ وولورہیمپٹن اور برمنگھم نیو اسٹریٹ کے درمیان محدود ٹرین سروس جاری رکھی گئی ہے۔
ٹرانسپورٹ فار ویلز کی ایبرسٹوتھ، برمنگھم انٹرنیشنل، ہولی ہیڈ، چیسٹر اور کریو جانے والی سروسز بھی متاثر ہوئی ہیں۔
حکام نے مسافروں کو سفر سے قبل اپنی ٹرین کی صورتحال چیک کرنے کی ہدایت کی ہے۔
