(تکبیر نیوز—- پاکستان، اسلام آباد) وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے چیلنجز سے نمٹنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت مکمل یکسوئی کے ساتھ ملک کے دفاع اور استحکام کیلئے کام کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹیڈیز میں “معرکۂ حق” کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر جارحیت مسلط کی جبکہ بھارت میں ہونے والی دہشت گردی ان کا داخلی معاملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے سے پہلے ہی پاکستان پر الزامات عائد کیے گئے جو غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل تھا۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں جبکہ دنیا اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے۔
عطاء اللّٰہ تارڑ نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک پاکستان پر الزامات لگا رہا ہے جو خود کینیڈا اور دیگر ممالک میں سکھ رہنماؤں کے قتل میں ملوث پایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کا پاکستان میں گرفتار ہونا بھارتی دہشت گرد ذہنیت کا واضح ثبوت ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر ایک عالمی مسئلہ ہے اور اس حوالے سے اقوامِ متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔
عطاء اللّٰہ تارڑ کے مطابق پاکستان کی سول اور عسکری قیادت کے درمیان مکمل ہم آہنگی ریاست کی مضبوطی کی علامت ہے۔
انہوں نے “معرکۂ حق” کے دوران پاکستانی میڈیا کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی جبکہ نوجوانوں نے سوشل میڈیا کو مؤثر ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔
